پی ایس ایل میں پلیئرز کی ڈرافٹنگ کی بجائے نیلامی پر غور

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پی ایس ایل 8 کے میچز گلگت بلتستان میں منعقد کرنے کے خواہشمند

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 ستمبر 2021 14:13

پی ایس ایل میں پلیئرز کی ڈرافٹنگ کی بجائے نیلامی پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2021ء ) پی ایس ایل میں پلیئرز کی نیلامی پر غور ہونے لگا ، اس سے زیادہ معاوضوں پر بڑے ناموں کی خدمات حاصل کرنا ممکن ہوپائے گا۔ پی سی ایس فرنچائز مالکان کی نئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے پہلی میٹنگ گزشتہ روز ہوئی، ذرائع کے مطابق میٹنگ میں رمیز راجہ نے کہا کہ ہم پاکستان سپر لیگ کو آئی پی ایل سے بھی آگے لے جانا چاہتے ہیں جس کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے، ڈرافٹنگ کی بجائے اگلے سیزن کیلئے پلیئرز کی نیلامی پر غور کیا جا رہا ہے، اس سے زیادہ معاوضوں پر بڑے ناموں کو پی ایس ایل کی جانب متوجہ کرنے میں مدد ملے گی۔

فرنچائز مالکان نے رمیز راجہ کو اپنے مالی نقصانات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے نئے فنانشل ماڈل کو اپنانے کا کہا اور اس کے ساتھ ہی اس حوالے سے ریٹائرڈ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی رپورٹ بھی شیئر کرنے کی درخواست کر دی۔

(جاری ہے)

سی او او سلمان نصیر کی طرح رمیز راجہ نے بھی یہی موقف اپنایا کہ وہ بورڈ کی خفیہ دستاویز ہے جسے کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکتا لیکن وہ فنانشل ماڈل کے حوالے سے نئی تجاویز پیر کو میٹنگ میں پیش کریں گے۔

میٹنگ میں بورڈ کی جانب سے پھر یہی نکتہ اٹھایا گیا کہ تبدیلیوں سے مستقبل میں انھیں قانونی پیچیدگیوں اورکارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس پر ایک پی سی ایل ٹیم اونر نے پیشکش کی کہ بورڈ جس اعلیٰ شخصیت سے چاہے وہ منظوری دلا سکتے ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے پی ایس ایل 8 کے میچز گلگت بلتستان میں بھی کرانے کا ارادہ ظاہر کیا، ان کے مطابق وہ سٹیڈیم کو عالمی معیار کا بنانا چاہتے ہیں، وہاں فلڈ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔
وقت اشاعت : 25/09/2021 - 14:13:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :