ورلڈ کبڈی لیگ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز کی وطن واپسی

پیر 18 اگست 2014 18:48

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ کے میچوں میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد پیر کے روز برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئی، فاتح کبڈی ٹیم لاہور لائنز کا سپورٹس بورڈ پنجاب کے اعلیٰ حکام اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا، کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، اس موقع پر کبڈی کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، کھلاڑیوں کی آمد پر چم لہرائے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے برطانیہ میں ورلڈ کبڈی لیگ میں دو میچ کھیلے، پہلے میچ میں لاہور لائنز نے کینیڈا کی ٹیم وینکوور لائنز کو لندن میں 74-61سے اور امریکہ کی ٹیم رائل کنگز کو برمنگھم میں 62-50سے شکست دی۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کی ٹیم اپنے پول میں 4پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور لائنز نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالفین کو شکست دی جس میں ریڈر شفیق چشتی کا کھیل ناقابل تسخیر رہا، شفیق چشتی نے دونوں میچوں میں مین آف دی میچ کے ایوارڈز حاصل کئے، لاہور لائنز کی ٹیم اگلے مرحلے میں بھارت جائے گی جہاں وہ اندرا گاندھی سٹیڈیم نئی دہلی میں 23اگست کو پنجاب تھنڈر اور 30اگست کو بھارتی اداکار اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز کیخلاف میچ کھیلے گی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ٹیم کی وطن واپسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ لاہور لائنز کے ریڈرز اور سٹاپرز کا کھیل بلاشبہ قابل تحسین رہا ہے اور وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں لاہور لائنز کا کھیل دیکھ کر یہ بات یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ وہ کامیابی کا یہ سلسلہ بھارت میں بھی جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں دونوں میچ جیتنے پر پوری قوم کو لاہور لائنز پر فخر ہے انگلینڈ سے واپس آنیوالے لاہور لائنز کے کھلاڑیوں میں بابر وسیم گجر (کپتان)، لالہ عبید اللہ، شفیق چشتی، شہزاد ڈوگر، رانا نعیم، خالد مہر، شبیر بٹ، رحمٰن اشتیاق،ہیرا بٹ، سیف اللہ، محمد رمضان، علی لمبی پنڈیاں، مطلوب علی، محسن واہلہ، ارشد محمود، وقاص رحیم، نعیم طاہر سندھو، اور اسلم ڈوگر شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 18/08/2014 - 18:48:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :