بھارت سے ٹاکرا، بابراعظم اماراتی میدانوں میں اب تک ناقابل شکست

بابراعظم نے متحدہ عرب امارات میں 11 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں اور سبھی میں کامیابی ان کے نام رہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اکتوبر 2021 11:23

بھارت سے ٹاکرا، بابراعظم اماراتی میدانوں میں اب تک ناقابل شکست
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 12 سٹیج کے میچز سنیچر سے شروع ہو رہے ہیں تاہم شائقین کرکٹ کی نظریں اتوار 24 مارچ کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونیوالے بڑے میچ پر مرکوز ہیں۔ کرکٹ مبصرین، شائقین اور دیگر جہاں دونوں ٹیموں کی موجودہ پرفارمنس کو دیکھ کر میچ کے نتیجے سے متعلق اندازے قائم کر رہے ہیں، وہیں کئی ایسے بھی ہیں جو گزشتہ مقابلوں کے ڈیٹا کا ذکر کرتے ہوئے ہار یا جیت سے متعلق توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہونیوالا میچ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے یہ میدان پاکستانی ٹیم کے ان فارم کپتان بابراعظم کیلئے بھی خاص ہیں کیوںکہ وہ اب تک یہاں کھیلا گیا کوئی میچ نہیں ہارے ہیں۔

(جاری ہے)

بابراعظم نے متحدہ عرب امارات میں 11 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں اور سبھی میں کامیابی ان کے نام رہی ہے۔

انڈین شائقین کرکٹ جہاں ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کیخلاف اپنی ٹیم کے مسلسل کامیابیوں سے امید رکھے ہوئے ہیں وہیں پاکستانی شائقین کو توقع ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کامیابیوں کا بہتر ریکارڈ اس مرتبہ کچھ نیا کر سکتا ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اب تک 5 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، تمام میچوں میں کامیابی انڈین ٹیم کے نام رہی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پاکستان کے کھیلے گئے میچوں کی تعداد انڈیا سے زیادہ ہے۔ پاکستانی ٹیم نے اب تک کل 34 میچ کھیلے، 19 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 15 میں ناکامی کا سامنا رہا۔ چند روز قبل ہزاروں فٹ کی بلندی پر اپنی 27ویں سالگرہ منانیوالے بابراعظم کا بیٹنگ ریکارڈ بتاتا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد ان کی پرفارمنس مزید بہتر ہوئی ہے۔

کرکٹ مبصرین اور سوشل میڈیا شائقین بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انہیں ’پاکستانی بیٹنگ کے اہم ستون‘ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کا بڑا مقابلہ شائقین کے ساتھ ساتھ کرکٹ مبصرین اور سابق و موجودہ کرکٹرز کی بھی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہے۔ پاکستان کی جانب سے موجودہ ٹورنامنٹ کھیلنے والی کھلاڑیوں میں شعیب ملک نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 28 میچوں کی 27 اننگز کھیلی ہیں۔ 10 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے انہوں نے کل 546 رنز بنائے ہیں۔ 32.11 کی ایوریج اور 116.41 کے سٹرائک ریٹ کے ساتھ ان کا سب سے زیادہ سکور 57 رنز رہا ہے۔
وقت اشاعت : 21/10/2021 - 11:23:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :