سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیا

شعیب اختر سے صلح ہو گئی ہے،سرکاری ٹی وی کے وکیل کا عدالت کو بیان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 نومبر 2021 12:29

سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2021ء ) لاہور کی سول عدالت میں سرکاری ٹی وی نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام کے دوران میزبان سے تلخ کلامی کے بعد مستعفی ہونے پر سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کے خلاف 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا دعویٰ دائر کیا تھا تاہم اب سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کے خلاف لگائے گئے الزامات واپس لے لیے ہیں جس کے بعد عدالت نے کیس خارج کردیا۔

سرکاری ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شعیب اختر سے صلح ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ 28 اکتوبر کو پی ٹی وی سپورٹس پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے خصوصی پروگرام کے دوران اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے درمیان گفتگو کے دوران بحث و تکرار شروع ہو گئی اور اس دوران نعمان نیاز نے شعیب اختر کو پروگرام چھوڑ کر جانے کا کہہ دیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد شعیب اختر نے کہا کہ قومی ٹی وی پر ایک قومی سٹار کے ساتھ اس سلوک کے بعد یہ مناسب نہیں کہ وہ مزید یہاں بیٹھیں لہذا وہ پاکستان ٹیلی وژن سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کا فیصلہ آنے تک ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کر دیا گیا ہے۔ان کی غیرموجودگی میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور اور پاکستان وومین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ثنا میر نے اس پروگرام کی میزبانی سنبھال رکھی ہے۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد پہلی بارسینئر صحافی رؤف کلاسرا کو ان کے یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیا۔ جس میں انھوں نے کہا کہ سکرین پر انھوں نے جو کچھ کہا اور کیا اس پر انھیں افسوس ہے اور وہ اپنے اس رویے پر معافی مانگتے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 12:29:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :