فواد چوہدری کی برطانوی ٹیم کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شامل ہونے کی پیشکش

برطانوی ٹیم کو پاکستان میں امپورٹڈ حکومت کیخلاف پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر آواز اٹھانی چاہیے: رہنما پاکستان تحریک انصاف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 نومبر 2022 12:36

فواد چوہدری کی برطانوی ٹیم کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شامل ہونے کی پیشکش
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم راولپنڈی میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے لطف اندوز ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے احتجاج تمام فیملی ایونٹس ہیں‘۔ ’پرو پاکستانی ویب سائٹ‘ کے مطابق 25 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے والے ’حقیقی آزادی مارچ‘ کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ دھرنا تاریخی ٹیسٹ میچ کو متاثر نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ جڑواں شہروں میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ گزشتہ ہفتے نیشنل سٹیڈیم منتقل کیے جانے کا امکان تھا تاہم کرکٹ بورڈ اصل شیڈول پر ہی ڈٹا رہا۔ سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں بھی پاکستان آنے والی ٹیم کا استقبال کر کے خوشی ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی ٹیم کو پاکستان میں امپورٹڈ حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر آواز اٹھانی چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے گزشتہ روز لاہور میں سابق کپتان عمران خان سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔ رمیز راجہ کی درخواست کے جواب میں عمران خان نے انہیں یقین دلایا کہ لانگ مارچ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں خلل نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ارکان کو پی سی بی کی درخواست کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
وقت اشاعت : 23/11/2022 - 12:36:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :