زیادتی کیس ،یاسر شاہ کا بدنام کرنیوالوں کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنیکا اعلان

الحمد اللہ انصاف غالب آگیا،میں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرتا ہوں، جو مجھے بدنام کریگا وہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے گا: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جنوری 2022 14:15

زیادتی کیس ،یاسر شاہ کا بدنام کرنیوالوں کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنیکا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جنوری 2022ء ) قومی کرکٹر یاسر شاہ نے مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہی ثابت ہونے کے بعد بدنام کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنیکا اعلان کردیا۔ خیال رہے کہ یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیے جانے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا۔

اب یاسر شاہ نے بیگناہی ثابت ہونے کے بعد ایک پیغام اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ الحمد اللہ انصاف غالب آگیا۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں ، پی سی بی، فیملی کی سپورٹ اور دعاؤں کی بدولت مجھ پر بنایا گیا زیادتی کا مقدمہ خارج ہوگیا ہے، یہ ان سب کے بھروسے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ یاسر شاہ نے کہا کہ میں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرتا ہوں، جو مجھے بدنام کرے گا وہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف ملک سے نفرت کرنیوالے ہی اپنے مفاد کی خاطر اتنا گِر سکتے ہیں ۔ اپنے بیان کے آخر میں قومی کرکٹر نے کہا کہ جن لوگوں نے میرا نام خراب کرنے کی کوشش کی ہے اُن کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا‘۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹر یاسر شاہ مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیے گئے ہیں۔ متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا مبینہ زیادتی کیس سے کوئی تعلق نہیں،مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 14 سالہ لڑکی کے ماموں کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں کرکٹر یاسر شاہ کے دوست کی جانب سے جنسی زیادتی اور کرکٹر پر لڑکی کو دھمکانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 12/01/2022 - 14:15:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :