ٹنڈولکر کے ریکارڈز بابراعظم نہیں کوہلی توڑے گا، شعیب اختر نے پیشگوئی کردی

بابراعظم کو ویرات کوہلی سے آگے نکلنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی: سابق سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 فروری 2022 16:20

ٹنڈولکر کے ریکارڈز بابراعظم نہیں کوہلی توڑے گا، شعیب اختر نے پیشگوئی کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 فروری 2022ء ) سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ صرف ویرات کوہلی توڑ سکتا ہے، کوہلی کی جگہ آنے کیلئے بابر اعظم کو بہت زیادہ محنت کرنی پڑے گی۔ نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بابر ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں، ٹنڈولکر کا ریکارڈ صرف کوہلی ہی توڑ سکتا ہے۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ بابر کو ویرات کوہلی سے آگے نکلنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ شعیب اختر نے پیش گوئی کی کہ کوہلی ریٹائرمنٹ سے قبل 100 سے زیادہ سنچریاں سکور کرلیں گے۔ ون ڈے انٹرنیشنلز میں ویرات کوہلی نے 2008ء سے اب تک 259 میچوں میں 43 سنچریاں اور 64 نصف سنچریاں مکمل کی ہیں جب کہ بابر اعظم نے 2015ء سے اب تک 83 میچوں میں 14 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے مزید کہا کہ کوہلی کو جلدی شادی نہیں کرنی چاہیئے تھی ،46 سالہ سابق پیسر نے کہا کہ اگر میں کوہلی ہوتا تو ریٹائرمنٹ سے پہلے شادی نہ کرتا۔ پی ایس ایل کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ اگر وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بنتے ہیں تو وہ اسے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھی بڑے برانڈ میں تبدیل کر دیں گے۔

شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اسے بیچ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں پی ایس ایل کھیلتا تو میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلنے کا انتخاب کروں گا۔ سابق فاسٹ بولر نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ قلندرز جو اس وقت ایک مضبوط پوزیشن میں ہیں، پی ایس ایل سیون کے لاہورمیں شیڈول میچز میں مشکل صورتحال میں پڑ جائیں گے۔ انہوں نے پی سی بی کو لاہور کے میچز جلد شروع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں شدید سردی اور دھند ہوگی۔
وقت اشاعت : 10/02/2022 - 16:20:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :