سری لنکا ویمنز ٹیم (کل) پہلی مرتبہ پاکستان میں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی

پیر 23 مئی 2022 23:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں تین روزہ سخت تربیتی مشقوں کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں کل (منگل)سے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں مدمقابل ہوں گی،سیریز میں پاکستان ویمنز کی قیادت بسمہ معروف اور سری لنکا ویمنزکی کپتانی چماری اتا پاتو کریں گی،یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آئیں گی۔

اب تک دونوں ٹیمیں 13ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آچکی ہیں جس میں چھ مرتبہ پاکستان اور چھ مرتبہ سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا ۔ سیریز کے میچز 24، 26اور 28مئی کو سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے، تمام میچز دوپہر 2بجے شروع ہوں گے اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان ساتویں جبکہ سری لنکا آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کی انعم امین اور ڈیانا بیگ کا اس طرز کی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی دس خواتین بالرز میں شمار ہوتا ہے۔ مہمان اسکواڈ کی کپتان اتا پاتو بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں اور آل رانڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں، آل رائونڈر کی درجہ بندی میں ندا ڈار کا نواں نمبر ہے۔

سری لنکا ویمنز کا یہ 16سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہے۔پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف شاندار سریز کی منتظر ہیں۔ ورلڈکپ کے بعد اب یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئی شروعات ثابت ہوگی۔رواں سال پاکستان ویمنز ٹیم کو بہت سیریز کھیلنی ہیں، سری لنکا کے خلاف یہ سیریز کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جونیئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوگی ان کنڈیشنز میں سری لنکا کی ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔کپتان سری لنکا ویمنز ٹیم چماری اتاپاتو کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر اس کی مضبوط خواتین ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں، یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز شاندار رہے گی۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا ویمنز ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین توازن موجود ہے امید ہے ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
وقت اشاعت : 23/05/2022 - 23:59:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :