سپاٹ فکسنگ کی تھی، معاف کردیا جائے، خالد لطیف کا اعتراف، ری ہیب کی تحریری درخواست دیدی

خالد لطیف کو پی ایس ایل 2 کے دوران سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے پر پی سی بی نے 5 سال کیلئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 مئی 2022 12:40

سپاٹ فکسنگ کی تھی، معاف کردیا جائے، خالد لطیف کا اعتراف، ری ہیب کی تحریری درخواست دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 مئی 2022ء ) پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کے بعد خالد لطیف نے بھی اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ری ہیب کی درخواست کردی ہے۔ انہوں نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے پی سی بی سے معافی مانگ لی ہے۔ امکان ہے کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ آئندہ ہفتے انکا ری ہیب پروگرام شروع کریگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 36 سالہ انٹرنیشنل کرکٹر خالد لطیف نے تحریری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ سے ری ہیب کی درخواست کی ہے۔ انہیں بھی سلمان بٹ، محمد عامر، شرجیل خان اور دیگر کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں کی طرح ری ہیب پروگرام میں جانا ہوگا۔ 2017ء میں خالد لطیف اور شرجیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سپاٹ فکسنگ کی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خالد لطیف کو پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے پر پی سی بی نے 5 سال کیلئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی اور10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ خالد لطیف نے سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کرنیوالے ٹریبونل کے دائرہ احتیار کو بھی چیلنج کیا تھا۔ دسمبر 2021ء سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران خالد لطیف نے موقف اختیار کیا کہ انھیں سپاٹ فکسنگ کیس میں 5 سال کی پابندی کی سزا ملی تھی جو کہ 10 فروری کو ختم ہوجائیگی اس لیے میں اپنی اپیل واپس لینا چاہتا ہوں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد لطیف نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی نامہ دیا ہے۔ انہیں چیریٹی کا کام کرنے پڑیگا۔ نوجوان کرکٹرز کو لیکچرز دیتے ہوئے ندامت کا اظہار کرنا ہوگا۔ ری ہیب سے گذرنے کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی ممکن ہوسکے گی۔ امکان ہے کہ خالد لطیف ری ہیب پراسس سے گذرنے کے بعد اکتوبر نومبر میں کرکٹ سسٹم میں واپس آسکیں گے۔
وقت اشاعت : 24/05/2022 - 12:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :