ویسٹ انڈیز سیریز، رمیز راجہ نے گرم موسم کے باوجود ملتان میں ون ڈے سیریز کرانے پر اصرار کیا :ذرائع

مجھے نہیں معلوم کہ پی سی بی نے یہ خطرہ کیوں اٹھایا، ایسے موسم میں کھلاڑیوں کو گرائونڈ میں لانا حماقت ہے، ہمارے بارے میں کون سوچے گا؟ : کریو ممبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 جون 2022 13:09

ویسٹ انڈیز سیریز، رمیز راجہ نے گرم موسم کے باوجود ملتان میں ون ڈے سیریز کرانے پر اصرار کیا :ذرائع
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جون 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے انتہائی گرم موسم کے باوجود پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز دوبارہ شیڈول کرنے پر اصرار کیا۔ ذرائع کے مطابق کھیل کے دیگر مقامی سٹیک ہولڈرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 8، 10 اور 12 جون کو شیڈول ون ڈے ہوم سیریز کو ملتوی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی کیونکہ اسے سیاسی ٹینشن کی وجہ سے راولپنڈی سے ملتان منتقل کرنا پڑا تھا۔

تاہم، پی سی بی کے چیئرمین نے اس حقیقت کو جاننے کے باوجود کہ جون ،جولائی کے دوران ملتان پاکستان کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے، اپنی ٹیم کو پلان کے مطابق جانے کی ہدایت کی۔ پیر کو ملتان میں پارہ 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سکواڈ گرم موسم کے باوجود پیر کو پوری قوت کے ساتھ ٹریننگ کے لیے نکلا اور ٹیم انتظامیہ کو کھلاڑیوں کو کسی بھی حادثے سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر کڑی نظر رکھنی پڑی۔

پروڈکشن کے عملے سے لے کر گراؤنڈ مین تک ہر کوئی انتہائی گرم درجہ حرارت میں کام کرنے کے بارے میں فکر مند نظر آیا۔ پروڈکشن کے عملے کے ایک رکن نے موسم گرما میں ملتان میں کرکٹ کی میزبانی کے لیے پی سی بی پر تنقید کی۔ انہوں نے ’جیو سوپر‘ کو بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پی سی بی نے یہ خطرہ کیوں لیا، ایسے موسم میں کھلاڑیوں کو میدان میں لانا حماقت ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف کھلاڑیوں کے بارے میں نہیں ہے۔ کرکٹ سیریز کے انعقاد میں ہم جیسے بہت سے دوسرے لوگ شامل ہیں۔ ہمارے بارے میں کون سوچے گا؟ اس موسم میں کام کرنا بہت مشکل اور خطرناک ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پچز سکوائر زیر تعمیر ہیں۔
وقت اشاعت : 07/06/2022 - 13:09:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :