ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ،پاکستان کی ٹاپ 3 میں اینٹری

سلواوور ریٹ پر 2 پوائنٹس کی کٹوتی نے بھارت کو تنزلی پر مجبور کر دیا، بھارت کے 52.08 جبکہ گرین کیپس کے 52.38 پوائنٹس ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 جولائی 2022 11:59

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ،پاکستان کی ٹاپ 3 میں اینٹری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جولائی 2022ء ) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن پر اینٹری دے دی جب کہ سلواوور ریٹ پر پوائنٹس کی کٹوتی نے بھارت کو تنزلی پر مجبور کر دیا۔ ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ریکارڈ 378 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے سیریز 2-2 سے برابر کرلی، اسی کے ساتھ بھارتی ٹیم آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کے 2 قیمتی پوائنٹس سے بھی محروم ہو گئی، سلو اوور ریٹ کی وجہ سے مہمان سائیڈ پر 2 پوائنٹس کی پنالٹی ہوئی، کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی ہوا، اس وجہ سے پاکستان کو تیسری پوزیشن پر قبضہ جمانے کا موقع مل گیا، اس وقت بھارت کے 52.08 جبکہ گرین کیپس کے 52.38 پوائنٹس ہیں۔

ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ پلیئنگ کنڈیشنز آرٹیکل 16.11.2 کے تحت مقررہ وقت میں جتنے اوور کم ہوں پنالٹی میں اتنے ہی پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرنا پڑتا ہے، بھارت نے 2 اوورز کم کروائے لہٰذا اس کو 2 پوائنٹس کی قربانی دینا پڑی، پلیئرز کیلیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ آرٹیکل 2.22 کے تحت ہر اوور کم کروانے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس میچ میں فیلڈ امپائر علیم ڈار اور رچرڈ کیٹل برو، تھرڈ امپائر ماریس اراسمس ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا 77.78 پرسنٹیج پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، جنوبی افریقہ (71.43) دوسرے، پاکستان 52.38 تیسرے، بھارت 52.08 چوتھے، ویسٹ انڈیز 50 پانچویں، سری لنکا 47.62 چھٹے، انگلینڈ 33.33 ساتویں، نیوزی لینڈ 25.93 آٹھویں اور بنگلہ دیش 13.33 پرسنٹیج پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ پاکستان نے ابھی تک 3 میچز جیتے، 2 میں شکست ہوئی اور اتنے ہی ڈرا کیے، رواں ماہ دورئہ سری لنکا میں میزبان ٹیم کیخلاف فتوحات ٹیم کی پوزیشن مزید بہتر بناسکتی ہے۔
وقت اشاعت : 06/07/2022 - 11:59:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :