پیراپلیجک سنٹر پشاور سپائنل کارڈ انجری اور پولیو سے متاثرہ افراد کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے رہا ہے، ڈاکٹر سید محمد الیاس

جمعرات 18 اگست 2022 23:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ نہ صرف افراد باہم معذوری خصوصاً سپائنل کارڈ انجری اور پولیو سے متاثرہ افراد کے جسمانی اور نفسیاتی بحالی کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے رہا ہے بلکہ انکی معاشرتی اور معاشی ضروریات کا بھی حتی المقدور خیال رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ ادارہ دیگر فلاحی سرگرمیوں کے علاوہ سال بھر اپنے گریجویٹس کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام اور اسپورٹس ایوینٹس کا انعقاد بھی کرتا رہتا ہے اور انہیں قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کیلئے ہر ممکن تعاون اور سپورٹ مہیا کی جاتی ہے۔

ڈاکٹر الیاس سید نے توقع ظاہر کی کہ اگر حکومت افراد باہم معذور کھلاڑیوں پر تھوڑی سی توجہ دے اور پیراپلیجک سنٹر جیسے اداروں کے ساتھ تعاون کرے تو کوئی وجہ نہی کہ پاکستان کھیلوں کے میدان میں بھی عالمی سطح پر کارہائے نمایاں سرانجام دے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کی قومی پیرالمپکس کمیٹی نے عوامی جمہوریہ ترکیہ میں منعقد ہونے والے پانچویں اسلامک گیمز 2022 میں شرکت کے لئے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے کھلاڑی الطاف الرحمان کا انتخاب کیا ہے۔

ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے الطاف الرحمان پیراپلیجک سنٹر میں پولیو معذوری سے شفایابی کے بعد بطور رضاکار اور پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑی سنٹر سے منسلک رہے اور اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت بہت جلد بین الاقوامی کھلاڑی اور پاکستان کے نیشنل پیرا ٹیبل ٹینس چیمپئن بنے۔ انہوں نے ترکیہ میں پچھلے سال منعقدہ اسلامی یکجہتی گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا تھا۔ الطاف الرحمان 9 سے 19 اگست 2022 تک 5 ویں اسلامی گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وقت اشاعت : 18/08/2022 - 23:03:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :