پاک بھارت میچ بہت اہم ہے ،ہمارے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے دوران جذبات کی رو میں نہیں بہنا چاہیے‘روہت شرما

بڑے مقابلے سے میگا ایونٹ میں مہم شروع کر رہے ہیں ،کھلاڑی خود کو پرسکون اور پر اعتماد رکھ سکیں تو ہم جیت کا نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں ہمیں ورلڈ کپ جیتے کافی وقت ہو چکا اس مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہوگی‘بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2022 16:56

پاک بھارت میچ بہت اہم ہے ،ہمارے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے دوران جذبات کی رو میں نہیں بہنا چاہیے‘روہت شرما
برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2022ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ بہت اہم ہے مگر ہمارے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے دوران جذبات کی رو میں نہیں بہنا چاہیے،ہمیں ورلڈ کپ جیتے کافی وقت ہو چکا ہے اور اس مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہوگی۔پہلی مرتبہ کسی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان روہت شرما نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ورلڈ کپ جیتے کافی وقت ہو چکا۔

ظاہر ہے کہ ہمارا مقصد اور منصوبہ صرف ورلڈ کپ جیتنا ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ اس منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔روہت شرما نے کہا کہ ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ کے ہر میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ہم زیادہ دور کا نہیں سوچ سکتے، اصل میں آپ ابھی تو سیمی فائنل اور فائنل کھیلنے کے بارے میں بھی نہیں سوچ سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کو صرف اس ٹیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جس کے خلاف آپ مد مقابل ہونے جا رہے ہیں ، اپنی بہترین صلاحیتوں کے اظہار کی پوری کوشش کریں، ہر ٹیم کے خلاف اچھی تیاری کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

23اکتوبر بروز اتوار کو پاکستان کے خلاف بھارت کے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے لیکن روہت شرما کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بڑے میچ کے دوران جذبات کی رو میں نہیں بہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے جس سے ہم میگا ایونٹ میں اپنی مہم شروع کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہم خود کو بہت پر سکون رکھنا چاہتے ہیں اور پوری توجہ اپنی انفرادی کارکردگی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ہی ہمارے لیے سب سے اہم چیز ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر میچ کے دوران کھلاڑی خود کو پرسکون اور پر اعتماد رکھ سکیں تو ہم وہ نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں جس کی ہم تلاش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی میگا ایونٹ کا پہلا چمپئن بھارت متحدہ عرب امارات میں گزشتہ سال کے ٹورنامنٹ میں ناک آٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہا تھا جبکہ 2011ء میں اپنی سرزمین پر 50 اوورز کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد سے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکا ہے۔
وقت اشاعت : 20/10/2022 - 16:56:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :