پاکستان میں ایشیا کپ، بھارتی وزیر کھیل نے گیند کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ڈال دی

پہلے بی سی سی آئی فیصلہ کرے پھر وزارت کھیل اور داخلہ جائزہ لے گی: انوراگ ٹھاکر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 مارچ 2023 11:55

پاکستان میں ایشیا کپ، بھارتی وزیر کھیل نے گیند کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ڈال دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 مارچ 2023ء ) ایشیا کپ کیلیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر وزیر کھیل کا موقف تبدیل ہوگیا، انھوں نے گیند کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ڈال دی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ہمیشہ ہی پاکستان سے کرکٹ نہ کھیلنے کا باعث اپنی حکومت کو قرار دے کر جان چھڑاتا رہا ہے ، اس بار بھی ایشیا کپ کیلیے ٹیم پڑوسی ملک بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ سیژکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی مگر اب انھوں نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی ہے۔ ناگپور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران جب وہ مختلف حکومتی پالیسیز پر بات کررہے تھے تو ان سے بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ کیلیے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا گیا، اس پر انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے اپنا فیصلہ کرلینے دیں، اس کے بعد ہی وزارت کھیل اور داخلہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شا نے از خود ہی ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ سنادیا تھا، اس پر نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا بلکہ اس کے مطالبے پر ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بلائی گئی جس میں معاملے پر غور مارچ تک موخر کیا گیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلیے پاکستان نہیں آتی تو پھر اکتوبر میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے گرین شرٹس کو بھی بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔ یہ معاملہ بدستور ہوا میں معلق اور بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز میںیہ اس حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/03/2023 - 11:55:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :