رمضان ہاکی ٹورنامنٹ،پاکستان واپڈا کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

اتوار 26 مارچ 2023 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) پاکستان واپڈا نے گوجرہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0گولز سے شکست دے کر پہلے آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لائٹس ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی،دوسرے میچ میں پاکستان آرمی نے پنجاب رینجرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2گولز شکست دے کرٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی ۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری استاد اسلم روڈا میموریل رمضان ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز مزید دو میچز کھیلے گئے ۔ان میچوں کے موقع پربابر عبداللہ،آرگنائزنگ سیکریٹری خاور جاوید،چیف کوآرڈی نیٹر لیاقت بھٹہ،امپائر منیجر ذوالفقار حسین،اسسٹنٹ ایمپائر منیجرز منور حسین ،اصغر اعوان ،مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل گوجرہ کی ٹیم کو6-0گولز شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان توثیق ارشد اور رومان نے دو دو جبکہ عبدالرحمان اور رانا وحید نے ایک ایک گول اسکور کیا۔میچ کے مہمان خصوصی صابر گجر فرام ہانگ کانگ اور انٹر نیشنل عرفان سینئر تھے ۔پاکستان آرمی اور پنجاب رینجرز کے درمیان کھیلا گیا دوسرا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں پاکستان آرمی نے دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی سمیٹی ۔

کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا ،پہلے کوارٹر میں پنجاب رینجرز نے تیسرے منٹ میں ہی پنالٹی کارنر پر فرحان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی ،صرف چار منٹ بعدآرمی کے مہران نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا ،ہاف ٹائم تک یہی اسکور رہا ،تیسرے کوارٹر میں پاکستان آرمی کو 42ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملا جس پر مزمل حق نے گول کر کے ایک بار پھرآرمی کو سبقت دلادی،تیسرے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان آرمی2-1سے برتری لئے ہوئے تھی ،چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے مزید تیز اورجارحانہ ہاکی کھیلی ،پنجاب رینجرز نے 56ویں میں رحمان کے گول کی بدولت مقابلہ2-2سے برابر کر دیا تاہم اس کے بعدآرمی کے تابڑ توڑ حملوں کے نتیجے میں 58ویں منٹ میں اسے پنالٹی اسٹروک ملاجس پر عماد نے میچ کا فیصلہ کن گول اسکور کر کے پاکستان آرمی کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلائی۔

پنجاب رینجرز کے احمر علی کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔اس میچ کے مہمان خصوصی اے ایچ ایف انجینئرنگ کے سی ای او ظفر چوہدری تھے جن کا دونوں ٹیموں سے ٹیموں کا تعارف کروایا گیا ۔اس میچ کو محمود علی اور طارق طاہر نے سپر وائز کیا جبکہ ریزرو امپائر احمد علی تھے ۔ایونٹ کے چوتھے روز مزید تین میچز کھیلے جائیں گے ،پہلے میچ میں پاکستان نیوی کا مقابلہ پولیس سے ،ماڑی پیٹرولیم کا پاکستان کسٹمز سے اور پاکستان واپڈا کا مقابلہ پنجاب رینجرز سے ہوگا ۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،پول اے میں واپڈا،پاکستان آرمی،پنجاب رینجرزاور گوجرہ جبکہ پول بی میں پاکستا ن نیوی،ماڑی پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ،پاکستان کسٹمزاور پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 26/03/2023 - 18:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :