بابر اعظم نے انجری کا شکار کیوی کپتان کین ولیمسن کی صحتیابی کیلئے پیغام جاری کر دیا

قومی کپتان نے لکھا کہ ’کین ولیمسن آپ جلد صحتیاب ہوکر بہترین واپسی کریں‘

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 اپریل 2023 11:31

بابر اعظم نے انجری کا شکار کیوی کپتان کین ولیمسن کی صحتیابی کیلئے پیغام جاری کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حال ہی میں انجری کا شکار کیوی کپتان کین ولیمسن کی صحتیابی کے لیے پیغام جاری کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے۔ کین ولیمسن لیگ چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو گئے تھے جہاں ان کا مکمل چیک اپ ہوا، نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن کے دائیں گھٹنے کا آپریشن ہو گا، آپریشن کے بعد ان کے ری ہیب کے لیے اتنا وقت لگے گا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ کین ولیمسن بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء سے قبل مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

ایسی صورتحال میں کیوی کپتان کی جلد صحتیابی کے لیے بابر اعظم نے بھی ولیمسن کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے لکھا کہ 'کین ولیمسن آپ جلد صحتیاب ہوکر بہترین واپسی کریں'۔
واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلنی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 15 اور 17 اپریل کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پانچ میچز کی ون ڈے سیریز شروع ہوگی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب تین ، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 07/04/2023 - 11:31:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :