پی سی بی کا علیم ڈار کو آئی سی سی انٹرنیشنل امپائرز پینل کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ

علیم ڈار پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل فکسچر کیساتھ ساتھ ورلڈ کپ 2023ء، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء، چیمپئنز ٹرافی 2025ء جیسے بڑے ایونٹس میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے سکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 اپریل 2023 14:55

پی سی بی کا علیم ڈار کو آئی سی سی انٹرنیشنل امپائرز پینل کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اپریل 2023ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے علیم ڈار کو آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں نامزد کر دیا ہے۔ تین بار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر رہنے والے علیم ڈار 54 سالہ احسن رضا کی جگہ بین الاقوامی پینل میں شامل ہوئے ہیں جنہیں ترقی دے کر آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی پینل میں علیم کی تقرری کا مطلب ہے کہ وہ بشمول پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل فکسچر کے ساتھ ساتھ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء جیسےآئی سی سی کے بڑے ایونٹس میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے سکتے ہیں ۔

آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق بین الاقوامی پینل کے میچ آفیشلز صرف بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کرنے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

اس پینل میں میچ آفیشلز کو آئی سی سی ممبران نامزد کرتے ہیں۔ علیم ڈار جنہیں 2004ء میں ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا تھا، عالمی ریکارڈ 439 بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں جن میں 145 ٹیسٹ، 225 ون ڈے اور 69 ٹی ٹونٹی شامل ہیں۔

انہوں نے 5 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ، 7 آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 5 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹس میں فرائض انجام دیے ہیں، جن میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2007ء اور 2011ء ، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2009ء اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2010ء اور 2010ء کے فائنل شامل ہیں۔ بین الاقوامی پینل میں پاکستان کے دیگر تین امپائرز میں فیصل خان آفریدی، محمد آصف یعقوب اور راشد ریاض وقار ہیں۔
وقت اشاعت : 12/04/2023 - 14:55:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :