جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر نیدرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے دہانے پر

ڈچ ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی آدھی سے زائد بیٹنگ لائن پویلین لوٹ گئی

muhammad ali محمد علی منگل 17 اکتوبر 2023 21:27

جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر نیدرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے دہانے پر
دھرم شالا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اکتوبر 2023ء ) جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر نیدرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے دہانے پر، ڈچ ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی آدھی سے زائد بیٹنگ لائن پویلین لوٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے سلسلے میں بھارت کے شہر دھرم شالا میں کھیلے جا رہے ہیں میچ میں ٹورنامنٹ کی فیورٹس میں سے ایک قرار دی جانے والی جنوبی افریقہ نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

نیدرلینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ 145 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی۔ جنوبی افریقہ کے تمام مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی جنوبی افریقہ نیدرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے باعث ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز ورلڈکپ 2023ء کے 15ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا۔

دھرم شالہ کے تاریخی سٹیڈیم میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، موسم کی وجہ سے میچ کی فی اننگ 43 اوورز تک محدود کر دی گئی۔ نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز اسکور کیے، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 78 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ اس کے علاوہ وین ڈر میروی نے 29، تیجا نیدا منرو 20 اور آریان دت نے 23 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی نگیٹی ، مارکو جانسن اور کگیسو رباڈا کی 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹاس جیتنے کے بعد پروٹیز کپتان ٹمبا باووما نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، بارش کے باعث فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاکہ حریف ٹیم کیخلاف کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پروٹیز کو پریشر میں لائیں۔

قبل ازیں بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے میگا ایونٹ میں اب تک 2،2 میچز کھیل رکھے ہیں، جس میں پروٹیز نے دونوں میں کامیابی جبکہ نیدرلینڈز کو دونوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنوبی افریقہ کا اسکواڈ کپتان ٹمبا باوما، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی پر مشتمل ہے جب کہ نیدلینڈز کے سکواڈ میں کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرین شامل ہیں ۔

وقت اشاعت : 17/10/2023 - 21:27:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :