پی سی بی کرکٹ کا پیسہ حکومتی پراجیکٹ پر لگانے کیلئے پر تولنے لگا

کرکٹ بورڈ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں نکاسی آب کے منصوبے کیلئے 50 کروڑ سے زائد رقم دیگا، آئی سی سی کرکٹ بورڈ کا پیسہ حکومتی پراجیکٹ پر لگانیکی وجہ سے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو بھی معطل کر چکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 دسمبر 2023 16:18

پی سی بی کرکٹ کا پیسہ حکومتی پراجیکٹ پر لگانے کیلئے پر تولنے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 دسمبر 2023ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کرکٹ کا پیسہ حکومتی پراجیکٹ پر لگانے کا منصوبہ بنا لیا۔ ’سماء نیوز‘ کے مطابق پی سی بی نشتر سپورٹس کمپلیکس میں نکاسی آب کے منصوبے کیلئے 50 کروڑ سے زائد رقم دیگا، منصوبے کیلئے پی سی بی کل لاگت کا 50 فیصد شیئر دے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں سال ستمبر میں پنجاب کی نگراں حکومت کی میٹنگ میں پراجیکٹ کی منظوری ہو چکی ہے۔ اس منصوبے پر ایک ارب 43 کروڑ 39 لاکھ 48 ہزار 80 روپے کی لاگت آنی ہے۔ اس سے پہلے پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نگران حکومت کو پراجیکٹ کیلئے پیسے دینے سے انکار کرتے ہوئے بتا چکا تھا کہ ہمارے پاس اتنا بجٹ نہیں ہے کہ حکومت کو اتنے پیسے دیں۔

(جاری ہے)

کرکٹ کے حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب مفاد عامہ کا منصوبہ ہے اور پی سی بی کسی بھی ایسے منصوبے کو فنڈز دینے کا مجاز نہیں۔

کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ اسے آئی سی سی ریوینیو سے سالانہ تقریبا 9 ارب روپے ملتے ہیں ،آئی سی سی قانون کے مطابق ملنے والا پیسہ صرف کرکٹ کے مقاصد اور کاموں پر خرچ ہوگا۔ کرکٹ بورڈ کا مینڈیٹ نہیں کہ وہ کسی سیاسی پارٹی یا حکومتی ڈیپارٹمنٹ کو اپنا پیسہ جاری کرے۔ دوسری جانب ترجمان پی سی بی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نشتر سپورٹس کمپلیکس کو فنڈ دینے کا معاملہ ابھی زیر غور ہے۔

واضح رہے کہ نشتر سپورٹس کمپلیکس کا کل ایریا تقریبا 135 ایکڑ پر محیط ہے، سپورٹس کمپلیکس میں پی سی بی کےعلاوہ ہاکی، فٹبال، سوئمنگ، جیمنیزیم سمیت متعدد فیڈریشنز کے دفاتربھی موجود ہیں، اس منصوبےسے نہ صرف سپورٹس کمپلیکس بلکہ آس پاس کی آبادی بھی مستفید ہوگی۔ یادرہے آئی سی سی کرکٹ بورڈ کا پیسہ حکومتی پراجیکٹ پر لگانے کی وجہ سے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو بھی معطل کر چکا ہے۔
وقت اشاعت : 06/12/2023 - 16:18:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :