چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی تفصیلات سینیٹ میں پیش

ذکاء اشرف کے مشغلے میں کرکٹ، زراعت،ریسرچ اور ڈیولپمنٹ ہے، تحریری جواب چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف چیئرمین شوگر ملز اور چیمبر آف کامرس کے ممبر ہیں، سینیٹر مشتاق احمد

جمعہ 5 جنوری 2024 15:17

چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی تفصیلات سینیٹ میں پیش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2024ء) موجودہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں۔ جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں وزارتِ بین الاصوبائی رابطہ نے اس ضمن میں تحریری جواب پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ ذکاء اشرف ایک معروف بزنس مین ہیں اور اس وقت چیئرمین پی سی بی ہیں۔وزارتِ بین الاصوبائی رابطہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ذکاء اشرف اس وقت چیئرمین اشرف گروپ آف انڈسٹریز ہیں۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ ذکاء اشرف اس وقت چیئرمین شوگر ریسرچ ڈیولپمنٹ بورڈ اور ممبرچیف منسٹر پنجاب ایگریکلچر ٹاسک فورس ہیں۔وزارتِ بین الاصوبائی رابطہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ذکاء اشرف کے تجربے میں چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل ڈیویلپمنٹ کمیٹی ہے۔

(جاری ہے)

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ذکاء اشرف کے مشغلے میں کرکٹ، زراعت،ریسرچ اور ڈیولپمنٹ ہے۔

اس حوالے سے جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف چیئرمین شوگر ملز اور چیمبر آف کامرس کے ممبر ہیں۔انہوںنے کہاکہ ذکاء اشرف کا کوئی بھی تجربہ نہ کھیل کا ہے اور نہ کرکٹ کا،انہوں نے کرکٹ کو اپنا مشغلہ لکھا ہے۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ہماری اولمپکس اور ہاکی کی تباہی ہو چکی ہے۔نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی نگراں حکومت نے نہیں کی، ان کی تعیناتی سابقہ حکومت نے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چیئرمین پی سی بی کے اختیارات محدود کیے ہیں، موجودہ حکومت نے ذکاء اشرف کو الیکشن کا حکم دیا ہے۔نگراںوفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ذکاء اشرف کو کہا ہے کہ وہ کوئی بڑا فیصلہ نہیں کر سکتے۔
وقت اشاعت : 05/01/2024 - 15:17:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :