سعودی عرب کا دنیا بھر کے فٹبالرز کیلئے 10 لاکھ روپے تنخواہ اور مکان دینے کا اعلان

ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں کو تقریباً 5 سے 6 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے، 900 سے زائد کھلاڑیوں نے سعودی ویمن لیگ میں کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 جنوری 2024 15:50

سعودی عرب کا دنیا بھر کے فٹبالرز کیلئے 10 لاکھ روپے تنخواہ اور مکان دینے کا اعلان
ریاض (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جنوری 2024ء ) سعودی عرب فٹ بال لیگ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اسے اعلیٰ صلاحیتوں اور اعلیٰ درجے کی سائننگ کے لیے جانا جاتا ہے اور اب وہ ایک قدم مزید آگے جارہی ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، نیمار جونیئر، کریم بینزیما اور سادیو مانے جیسے ناموں نے سعودی لیگ میں شرکت کرکے دنیا کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ ’پرو پاکستانی‘ ویب سائٹ کے مطابق سعودی فٹ بال فیڈریشن اعلیٰ معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے نچلے درجے کا معیار بلند کرنا چاہتی ہے اور وہ تھرڈ ڈویژن کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 3000 یورو (تقریباً 10 لاکھ روپے) کی پیشکش کرے گی۔

سعودی فٹ بال یورپی کھلاڑیوں کو اپنے تھرڈ ڈویژن میں شامل کرکے ڈھانچے کو بہتر بنانے کی جستجو میں ہے تاکہ ان کے نوجوان فٹبالرز نچلی سطح سے ترقی کر سکیں۔

(جاری ہے)

فٹ بال جابز کے سی ای او ویلنٹن بوٹیلا نکولس نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب ایک فٹ بال ملک کے طور پر اپنا معیار بلند کرنا چاہتا ہے اور وہ صرف رونالڈو اور نیمار جیسے کھلاڑیوں کو راغب نہیں کرنا چاہتے بلکہ نچلے حصوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ 3000 سے 4000 یورو ماہانہ اور ایک گھر کی بھی پیشکش کریں گے۔

ملک میں خواتین کے فٹ بال کو ترقی دینے کی کوشش میں فرسٹ اور سیکنڈ ڈویژن میں ہائی پروفائل کھلاڑیوں کو سائن کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو سائن کرنے کا معیار یہ ہوگا کہ انہیں ان کے ملک نے گزشتہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں بلایا ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں کو تقریباً 5000 سے 6000 ڈالر ادا کیے جائیں گے اور 900 سے زائد کھلاڑیوں نے سعودی ویمن لیگ میں کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ مزید برآں ہسپانوی سپر کپ کے سیمی فائنلز بھی رواں ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے جس میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ اٹلیٹیکو میڈرڈ سے ہوگا جبکہ بارسلونا کا مقابلہ اوساسونا سے ہوگا۔
وقت اشاعت : 11/01/2024 - 15:50:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :