عمران نذیر نے گلین میگرا کو سب سے مشکل باولر قرار دے دیا

ایک دو باولرز ایسے تھے جنہیں کھیلنے میں مشکل ہوتی تھی، گلین میگرا شاندار ’ان سوئنگ‘ کرتے تھے ، مجھے ’ان سوئنگ ‘ کھیلنے میں تھوڑی پریشانی ہوتی تھی : سابق پاکستانی بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 جنوری 2024 15:38

عمران نذیر نے گلین میگرا کو سب سے مشکل باولر قرار دے دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جنوری 2024ء ) پاکستان کے سابق بلے باز عمران نذیر نے گلین میگرا کو سب سے مشکل باولر قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی ’سماء نیوز‘ کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے 42 سالہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ میری زندگی اچھی چل رہی ہے ، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب رئیل سٹیٹ کا بزنس کر رہا ہوں اور خوش باش ہوں ، جوانی میں ہی کرکٹ چھوڑ دی لیکن چاہتا ہوں کہ بچے کرکٹر بنیں ، میری قسمت میں اتنی ہی کرکٹ لکھی تھی ، سپورٹس ہر ایک کے لیے ضروری ہے کیوں کہ صحت کی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت ہوتی ہے ۔

عمران نذیر نے کہا کہ مجھے سلمان خان نے اداکاری کی بھی پیشکش کی تھی تاہم میری اداکاری میں دلچسپی نہیں ہے ، آفرز بھی آتی تھیں اور ابھی بھی ڈراموں کی آفرز ہیں۔ انہوں نے اپنے لمبے بالوں کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ 2006ء میں انگلینڈ میں رہتا تھا ، وہاں سے واپسی پر بڑے بال کیے ، پھر میں نے کٹوا دیئے تھے ، کافی عرصہ کے بعد بال دوبارہ بڑھائے ، رئیل سٹیٹ کے بزنس میں ایک شوٹ کروایا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ آپ بڑے بال رکھ لیں آپ کو اچھے لگیں گے ۔

(جاری ہے)

عمران نذیر نے بتایا کہ ایک دو باولرز ایسے تھے جنہیں کھیلنے میں مشکل ہوتی تھی، ان میں ایک آسٹریلیا کے گلین میگرا تھے جو کہ بہت ہی شاندار ’ان سوئنگ‘ کرتے تھے ، مجھے ’ان سوئنگ ‘ کھیلنے میں تھوڑی پریشانی ہوتی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا ڈیبیو پاکستان میں ہی ہوا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش میں ایشیاء کپ کھیلنے گیا اور اس کے بعد بھارت کا دورہ کیا ۔ عمران نذیر نے مزید کہا کہ میں نے گلی محلوں سے ہی کرکٹ کا آغاز کیا اور پھر کلب کرکٹ کھیلی، آہستہ آہستہ قومی ٹیم میں پہنچ گیا، آج کل بہت سے پلیٹ فارمز موجود ہیں، پاکستان کیلئے کھیلنا ماضی کی نسبت آج آسان ہے۔
وقت اشاعت : 29/01/2024 - 15:38:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :