پی ایس ایل میں اوپننگ ہی کرنا چاہوں گا، پاکستان ٹیم کا معاملہ الگ ہے، فخر زمان

راشد خان کی جگہ جو کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی اچھے ہیں، کوشش ہوگی کہ راشد کی کمی ہمیں کم سے کم محسوس ہو، گفتگو

اتوار 11 فروری 2024 19:55

پی ایس ایل میں اوپننگ ہی کرنا چاہوں گا، پاکستان ٹیم کا معاملہ الگ ہے، فخر زمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اوپننگ ہی کرنا چاہوں گا، پاکستان ٹیم کا معاملہ الگ ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں، پی ایس ایل کے لیے تیاری اچھی چل رہی ہے، کیمپ اس لیے لگتا یے کہ جو نئے کھلاڑی آتے ہیں ان کے ساتھ مل لیں۔

فخر زمان نے کہا کہ 2 بار ٹائٹل جیتنے ہیں، ذہن میں یہی ہے کہ ہیٹ ٹرک کریں اور اس کا پریشر بھی ہوگا، کوشش کریں گے کہ جس طرح گزشتہ دو سیزن میں کھیلے ہیں ویسے ہی کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں کہوں کہ راشد خان کے نہ ہونے سے نقصان نہیں ہوگا تو یہ غلط ہوگا، راشد خان دنیا کے بہترین بولر ہیں، ان کا کوئی نعم البدل نہیں، ان کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

فخر زمان نے کہا کہ راشد خان کی جگہ جو کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی اچھے ہیں، کوشش ہوگی کہ راشد کی کمی ہمیں کم سے کم محسوس ہو۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں میرا گول ہے کہ بہترین بیٹسمین بنوں اور ہماری ٹیم جیتے، ٹی ٹوئنٹی میں اوپنرز ہی بیٹنگ میں ٹیمپو بناتے ہیں، اوپننگ میں سیم بلنگز کی کمی محسوس کریں گے مگر ہمارے باقی کھلاڑی بھی اچھے ہیں۔فخر زمان نے کہا کہ لاہور کراچی کا ٹاکرا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ہوتا ہے اور یہی کھیل کی خوبصورتی ہے، کراچی والے لیگز کے میچ جیتے ہم ٹائٹل جیت گئے۔انہوںنے کہاکہ مانڈر19 ٹیم میں پاکستان کے تینوں فاسٹ بولر اچھے تھے، دیکھنا ہوگا کہ وہ اگلے تین چار سال خود کو کیسے رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/02/2024 - 19:55:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :