پی ایس ایل9؛ شاہین آفریدی نے خواجہ نافع کو اپنا بیٹ تحفہ میں دیدیا

22 سالہ خواجہ نافع کی اننگز کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 فروری 2024 10:32

پی ایس ایل9؛ شاہین آفریدی نے خواجہ نافع کو اپنا بیٹ تحفہ میں دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 فروری 2024ء ) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان بیٹر خواجہ نافع کو اپنا بیٹ تحفے میں دیدیا۔ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ پر 5 وکٹوں سے شکست دیکر مسلسل دوسری جیت درج کی۔ اس میچ میں 22 سالہ ایمرجنگ کرکٹر خواجہ نافع نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے محض 31 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

نافع کی اننگز کی بدولت کوئٹہ نے 188 رنز کا ہدف محض 19.1 ایک اوورز میں حاصل کرلیا۔ میچ کے اختتام پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے نوجوان کرکٹر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنا بیٹ تحفے میں دیا، نافع نے ایک ویڈیو میں شاہین آفریدی کے گفٹ کا شکریہ ادا کیا اور آگے بھی اچھی کارکردگی دیکھانے کا عزم دہرایا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے پانچویں میچ میں آج ملتان سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔                                                                                    
وقت اشاعت : 20/02/2024 - 10:32:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :