پی ایس ایل 9،ملتان سلطان نے لاہور قلندرز کو ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی

جمعرات 22 فروری 2024 00:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹرک کرلی۔ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان 59 گیندوں پر 82 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

بدھ کے روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، وین ڈر ڈوسن 54 رنز بناکر نمایاں رہے،اس کے علاوہ فخر زمان41، سکندر رضا23، جہانداد خان 16اور صاحبزادہ فرحان دو سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

عبداللہ شفیق نے چھ رنز بنائے اور بریتھویٹ 15 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

ملتان کی جانب سے محمد علی نے دو، عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 82 سکور بنائے۔اس کے علاوہ ڈیوڈ ویلی نے 25 ، ریزا ہینڈرکس نے نو اور یاسر خان نے 8 رنز بنائے جبکہ میلان صفر پر آوٹ ہوگئےتاہم اختتامی اوورز میں افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو مسلسل تیسری کامیابی دلوانے میں کردار ادا کیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف 19 اوورز میں پانچ وکٹوں نقصان پر حاصل کیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور زمان خان نے دو،دو کھلاڑیوں اور لنڈے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کو اب تک اپنے تینوں میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ ملتان سلطانز نے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے اور ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا گیا میچ دیکھا۔محسن نقوی نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی۔صوبائی نگران وزراء عامر میر،بلال افضل،مشیر وہاب ریاض،آئی جی پنجاب، کمشنر اور آر پی او ملتان، پی سی بی حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 22/02/2024 - 00:30:08