مسلسل 5ویں شکست، لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 9 کے پلے آف رائونڈ میں پہنچانا انتہائی مشکل ہوگیا

وین ڈر ڈسن کی شاندار سنچری بھی رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 25 فروری 2024 22:52

مسلسل 5ویں شکست، لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 9 کے پلے آف رائونڈ میں پہنچانا انتہائی مشکل ہوگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 فروری 2024ء ) مسلسل 5ویں شکست کے بعد لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 9 کے پلے آف رائونڈ میں پہنچانا انتہائی مشکل ہوگیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے، پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں میں 88 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم نے36 گیندوں میں 48 رنز،پاؤل نے 20 گیندوں میں 46 رنز بنائے۔

لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے2 جبکہ سکندر رضااور جہانداد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز بناسکی۔

(جاری ہے)

قلندرز کی جانب سے وین ڈر ڈوسن نے پی ایس ایل 9 کی پہلی سنچری سکور کی، انہوں نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی لیکن ان کی 105 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی قلندرز کو پہلی کامیابی نہ دلوا سکی۔

شائی ہوپ 29 ، احسن حفیظ 20 اور صاحبزادہ فرحان نے 15 رنز بنائے، جہانداد خان 13 ، فخر زمان 4 اور سکندر رضا ایک رن بناسکے۔ زلمی کی جانب سے نوین الحق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیوک ووڈ ، پاول ولٹر اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندرز نے آج کے میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، لنڈے اور حارث رؤف کی جگہ محمد عمران اور کارلوس براتھویٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پشاور زلمی نے گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم ہی میدان میں اتاری ۔

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کندھے کی تکلیف کے باعث پی ایس ایل کے باقی تمام میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ گزشتہ رات کراچی کنگز کے خلاف کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں ابتک چار میچز کھیل چکی ہے اور چاروں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کی آخری گیند پر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پشاور زلمی ابتک اپنے تین میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں اسے ناکامی کا سامنا رہا اور ایک میچ میں کامیابی ملی۔ پشاور زلمی کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچز میں شکست ہوئی تھی جبکہ ملتان سلطانز کیخلاف گزشتہ میچ میں 5 رنز سے کامیابی ملی تھی۔ پشاور زلمی کی ٹیم صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، حسیب اللہ خان، روومین پاول، پال والٹر، آصف علی، لیوک ووڈ، نوین الحق، عارف یعقوب، سلمان ارشاد پر مشتمل ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن بھٹی، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، محمد عمران، زمان خان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 25/02/2024 - 22:52:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :