کراچی، انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ، دی سٹی اسکول اور ہیپی پیلس کالج کی کامیابی

جمعہ 29 مارچ 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں دی سٹی اسکول اور ہیپی پیلس کالج نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرلیں، حمزہ قریشی نے شاندارسینچری بنائی ، عمر اعجاز نے جارحانہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کردہ انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں گزشتہ روز فلڈ لائٹس میں کھیلے گئے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔

آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں دی سٹی اسکول نے گورنمنٹ پاکستان شپ اونرز کالج کو 47رنز ہرا دیا۔ دی سٹی اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4وکٹوں کے نقصان پر 200رنز بنائے، حمزہ قریشی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 15 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے ٹورنامنٹ کی پہلی سینچری 103رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیاجبکہ عمر عثمان نے 61رنز بنائے۔

(جاری ہے)

مزمل احمد نے 2وکٹ حاصل کئے۔جواب میں گورنمنٹ پاکستان شپ اونرز کالج نے 7وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنائے۔ عبدل رافع الحق 47اور نور زمان نے 31رنز بنائے۔ سیف سرفراز نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی افضل قریشی نے حمزہ قریشی کو پلیئر آف دی میچ پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔اس موقع پر عارف وحید ، طارق حفیظ اور سعید بن ناصر بھی موجود تھے ۔

عید گاہ گرائونڈ ناظم آباد پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہیپی پیلس کالج نے گورنمنٹ دہلی کالج کو 43رنز سے ہرا دیا۔ ہیپی پیلس کالج نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 164رنز بنائے۔ ارہم اشرف نے 57رنز بنائے۔ اذہان فرید نے 18رنز دیکر 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں گورنمنٹ دہلی کالج کی ٹیم 121رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ عمر اطہر واسطی نے 42رنز بنائے۔ لیگ اسپنر عمر اعجاز نے 13 رنز دیکر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر احمد نے عمر اعجاز کو پلیئر آف دی میچ پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔
وقت اشاعت : 29/03/2024 - 20:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :