محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ترقی کرے گی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے محسن نقوی سے امید لگا لی

اتوار 31 مارچ 2024 12:40

محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ترقی کرے گی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے) کراچی کے صدر ندیم عمر سے انڈر 16اور انڈر 13 کراچی ریجن کے کوچ اور کپتانوں نے ملاقات کی۔ آر سی اےسیکریٹیریٹ میں گذشتہ روز ملاقات کرنے والوں میں نیشنل انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کی چمپیئن کراچی ریجن کے کوچ محتشم علی، کپتان حظیفہ احسان، نیشنل انڈر 13 کرکٹ چمپیئن شپ کی رنر اپ ٹیم کے کوچ عبدالسعد اور کپتان ایش ملک شامل تھے۔

اس موقع پر ندیم عمر نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی کے لئے بہت خو شی کی بات ہے اس سیزن کے تمام نیشنل ٹورنامنٹس کی ونرز اور رنر اپ کراچی کی ٹیمیں رہی ہیں جن میں قائد اعظم ٹرافی چمپئئن، نیشنل ون ڈے کپ رنر اپ، نیشنل ٹی 20 چمپیئن، انڈر 19 تین روزہ رنر اپ، انڈر 19 ون ڈے چمپیئن، نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ چمپیئن، نیشنل انڈر 13 ٹورنامنٹ کی رنر اپ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور کراچی کے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے یہ ثابت بھی کیا ہے۔ ندیم عمر نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے امید کر تا ہوں کہ وہ کراچی کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ امپائرز، ریفری اور اسکورر کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ چیئرمین محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ترقی کرے گی۔

انہوں نے تمام زونل آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ٹیموں کی کامیابیوں میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ زونل آفیشلز کا بہت اہم کردار ہے۔ ندیم عمر نے دونوں ٹیموں کو کیش انعام دینے کا اعلان کیا جو ایک پروقار تقریب میں دیئے جائینگے۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کوچز اور کپتانوں نے ندیم عمر کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 31/03/2024 - 12:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :