حب ریلی کا انعقاد 28 اپریل کو کیا جائے گا، 50 کلومیٹر کا ٹریک تیار کیا گیا ہے، شجاعت شیروانی

منگل 16 اپریل 2024 19:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) بانی و چیف آرگنائزر شجاعت شیروانی نے کہا ہے کہ حب ریلی کا انعقاد 28اپریل کو کیا جائے گا جس کیلئے 50 کلو میٹر کا ٹریک تیار کر لیا گیا ہے، ریلی کا انعقاد بکر گڈانی میں کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے نامور ڈرائیور حصہ لیں گے، اس مرتبہ انعامی رقم میں اضافہ کرکے 50 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث حب ریلی ایک ہفتے کیلئے آگے بڑھا دی گئی ہے،جو 21کے بجائے 28اپریل کو ہوگی، عام طورپر ریس فروری یا مارچ میں ہوتی ہے جسے انتخابات کی وجہ سے اپریل میں کروارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بارش کے امکانات ہیں جس کی وجہ سے ریلی ایک ہفتے کے لئے آگے بڑھائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بارش زیادہ ہوئی تو ٹریک خراب ہوجاتا ہے اور ٹریک دوبارہ بنانے میں وقت درکار ہوتا ہے اس وجہ سے تاریخ میں ایک ہفتے توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ٹریک کو لمبا کر رہے ہیں تاکہ تماشائی محظوظ ہوسکیں، پاکستان کی یہ سب سے چھوٹی اور مشکل ریس ہوتی ہے،ریلی کیلئے اس سال 50کلو میٹر کا ٹریک تیار کیا گیا ہے اور ریلی میں گاڑیوں کی 4کیٹیگری میں ریس ہوگی،گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بائیک ریس بھی منعقد کی جاے گا۔

شجاعت شیروانی نے کہا کہ مختلف ریسز میں حکومت تعاون کرتی ہے، امیدہے اس بار بلوچستان حکومت ریلی کو سپورٹ کرے گی۔ اس موقع پرمعروف کار ریسر رونی پٹیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ ریس شروع ہوئی تھی اس وقت19کلومیٹر کا ٹریک تھا،شروع میں یہ ایک فیملی ٹرپ کی طرح کی ریس تھی ، اس وقت شجاعت شیروانی کو کہا تھا کہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی ریلی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی ریس میں 15ڈرائیورز نے حصہ لیا تھا جبکہ اب 50سے زائد ڈرائیورز ہوتے ہیں۔ رونی پٹیل نے کہا کہ پہلے لوگوں کو ریس دکھانے کے لیے بلانا پڑتا تھا لیکن اب شائقین خود اس اسپورٹس کی طرف آتے ہیں۔
وقت اشاعت : 16/04/2024 - 19:57:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :