کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول کو شہریوں کے لئے کھول دیا گیا

منگل 16 اپریل 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول کو شہریوں کے لئے کھول دیا ہے،کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں ممبران کے لئے فیملی ایریا اور ریستوران کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کے تفصیلی دورے کے بعد منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے سپورٹس کمپلیکس میں تعمیر کئے گئے فٹ بال سٹیڈیم، ٹینس کورٹ، بالنگ ایلے اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ 40ایکڑ رقبے پر قائم کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس کو شہریوں کے لئے مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور سات یوم کے اندر شہر میں کے ایم سی کے تمام سپورٹس گرائونڈز کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے، لانڈھی سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو سات یوم کے اندر شہریوں کے لئے کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال افسوس ناک ہے کہ کے ایم سی کے مختلف سپورٹس گرائونڈز پر مختلف ادارے اور لوگ قابض ہیں اور شہریوں کو یہ تک معلوم نہیں کہ یہ جگہیں کے ایم سی کی ملکیت ہیں، صرف فیڈرل بی ایریا میں کے ایم سی کے 47گرائونڈز ہیں مگر ان سے کوئی آمدنی نہیں ہورہی جبکہ ان تمام گرائونڈز سے ملنے والا کرایہ کے ایم سی کے اکائونٹ میں آنا چاہئے اور اس سے کے ایم سی کی آمدنی میں اضافہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ کے ایم سی کے تمام سپورٹس گرائونڈز سے قبضہ ختم کراکر وہاں کے ایم سی گرائونڈ کے بورڈز آویزاں کئے جائیں اور ایسے انتظامات کئے جائیں کہ آئندہ ان جگہوں پر قبضہ نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو بھی افراد، ادارے یا کھیلوں کی تنظیمیں دلچسپی رکھتی ہوں وہ آئیں اور کھیلوں کی ان سہولیات کو فعال اور آباد کرنے میں ہمارا ساتھ دیں ۔ میئر کراچی نے ویمن سپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں فیملی ایریا اور ریستوران، بیڈمنٹن کورٹ اور یوگا کلاسز کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیں تاکہ خواتین یہاں آکر اپنا کچھ وقت خوشگوار انداز میں گزار سکیں۔
وقت اشاعت : 16/04/2024 - 22:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :