پاکستان ویسٹ انڈیز ویمنز ون ڈے سیریز (کل)سے کراچی میں شروع ہوگی

آئی سی سی ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کے لیے یہ سیریز اہم ہے،ندا ڈار

بدھ 17 اپریل 2024 18:42

پاکستان ویسٹ انڈیز ویمنز ون ڈے سیریز (کل)سے کراچی میں شروع ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم (کل)جمرات سے ہیلی میتھیوز کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہونے والی ہے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کاحصہ ہے۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے جائیں۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

سیریز کے بقیہ دو ون ڈے انٹرنیشنل بھی21 اور 23 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے جس کے بعد یہ اسٹیڈیم 26 اپریل سے 3 مئی تک پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میز بانی بھی کرے گا۔ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز اس وقت آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ میں نویں نمبر پر ہے۔

پہلے دو ون ڈے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونگے جبکہ تیسرا ون ڈے سہ پہرساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔یہ سیریز اے اسپورٹس ایچ ڈی اور جیو سپر پر براہ راست نشر کی جائے گی اور ملک بھر میں تماشا، اے آر وائی ZAP اور Tapmad پر بھی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ شائقین کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہے اور شائقین جاوید میانداد انکلوڑر سے کھیل سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے بتایا کہ ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے اس سیریز کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم نے اس کے لیے بہت محنت کی ہے۔ سیریز سے پہلے تربیتی کیمپ میں ہمارے کوچز نے ہماری مہارتوں کو نکھارنے اور ہماری فٹنس کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ندا ڈار نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کا ہمارے خلاف ون ڈے میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہوسکتا ہے لیکن ہم حال ہی میں بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہم آنے والی سیریز میں اس کارکردگی کو جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

ہمارا مقصد اپنی حالیہ کامیابیوں کو آگے بڑھانا اور ایک سخت حریف کے خلاف اچھی پرفارمنس دینا ہے۔ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے کہا کہ پاکستان ایک خطرناک حریف ہے خاص طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ میں، ان کے پاس ایک باصلاحیت اسکواڈ ہے جو کسی بھی لمحے کھیل کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم چیلنج کیلئے تیار ہیں اور ہم اپنے گیم پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں ایک ہفتے کے تربیتی کیمپ نے ہمیں پاکستان کے خلاف اہم سیریز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ہم نے کراچی میں بھی دو اچھے ٹریننگ سیشن کیے ہیں، اب ہماری توجہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے مقامی حالات کے مطابق ڈھالنے پر مرکوز ہے۔آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلیر پولوساک سیریز کے تینوں ون ڈے اور پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔

ان کے ساتھ عبدالمقیت عمران جاوید اور ناصر حسین ون ڈے سیریز میں آن فیلڈ امپائرز ہونگے جبکہ سلیمہ امتیاز اور حمیرا فرح ریزرو امپائرز ہونگی۔پاکستان اسکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض، بسمہ معروف،ڈیانا بیگ،فاطمہ ثنا،منیبہ علی، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو،نتالیہ پرویز،صدف شمس، سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) طوبی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر جبکہ ویسٹ انڈیز اسکواڈ میںہیلی میتھیوز ( کپتان ) شیمین کیمبل ( نائب کپتان ) عالیا الین، شامیلا کونیل،ایفی فلیچر،شیری این فریزر، جینیلیا گلاسگو، شینیل ہنری،زیدا جیمز،قیانا جوزف،چیڈین نیشن، کرشما رام ہارک، اسٹیفین ٹیلر،راشدا ولیمز اور کیٹ ولموٹ شامل ہیں ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلامیچ (آج)جمعرات کوصبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائیگا ، دوسرا میچ 21 اپریل کوصبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا ا ور تیسرا میچ 23 اپریل کو سہ پہر ساڑھے تین بجے کھیلا جائیگا ۔
وقت اشاعت : 17/04/2024 - 18:42:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :