پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز، پنجاب پولیس کے فول پروف سکیورٹی و ٹریفک انتظامات

راولپنڈی اور لاہور میں پانچ میچز پر 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔ آئی جی پنجاب

جمعرات 18 اپریل 2024 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجا ب پولیس نے راولپنڈی اور لاہور میں پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں ، ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کی شام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس کے لئے پنجاب پولیس نے فول پروف انتظامات یقینی بنائے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز کے ابتدائی 03 میچ راولپنڈی جبکہ آخری دو میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پر امن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے پہلے سے بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، پولیس فورس کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے، راولپنڈی اور لاہور میں پانچ میچز پر 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ ہوٹل، روٹس اور سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ خواتین شائقین کرکٹ کی سکیورٹی، چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی، ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤ، مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ کریں، سٹیڈیمز کے داخلی خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے اپیل کی کہ شائقین کرکٹ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
وقت اشاعت : 18/04/2024 - 22:29:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :