اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنےکیلئے پاکستان کی 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان

اتوار 28 اپریل 2024 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنےکیلئے پاکستان کی 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ،کراچی کیمپ کے چھ کھلاڑی بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔پاکستانی اسکواڈ میں 2 گول کیپرز کو شامل کیا گیا ہے۔6 ڈیفینڈرز اور 6 مڈ فیلڈرز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، 4 فارورڈز ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے،6 کھلاڑیوں کو سٹینڈ بائے پر رکھا گیا ہے،عماد شکیل بٹ پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے ،ابو بکر نائب کپتان ہوں گے،ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز، منظور الحسن سینئر،شاہد اسلام نے کھلاڑیوں کی سلیکشن کی۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے تین رکنی سلیکشن کمیٹی کو ٹیم منتخب کرنے کا اختیار دیا تھا،ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز،منظور الحسن سینئر اور شاہد اسلام نے ٹیم کا چناو کیا،رانا مشہود کی ہدایت پر اولمپئن خواجہ جنید بھی ٹرائلز کے دوران موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے قومی ہاکی ٹیم کو آئندہ اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کےاس اعلان پر بے حد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کا ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور انتخاب کے عمل میں غیر متزلزل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔کھلاڑیوں کی لگن اور محنت کا اعتراف کرتے ہوئے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے قومی ہاکی ٹیم کے لئے آئندہ اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے مثالی کھیل کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی سطح پر قوم کا نام روشن کرنے کے لیے ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔چیئرمین نے اتحاد، عزم اور قومی فخر کو فروغ دینے میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے اور کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کا مقام بلند کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے تمام شہریوں کو قومی ہاکی ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے اپنی پرجوش حمایت کا یقین دلایا کیونکہ وہ پاکستان کی نمایاں نمائندگی کے لیے اس باوقار سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/04/2024 - 18:20:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :