پاکستان کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی

پاکستانی سکواڈ میں 5 فاسٹ بولرز، 4 آل راؤنڈرز، 3 وکٹ کیپرز، 2 بیٹرز اور ایک سپنر شامل ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2024 11:09

پاکستان کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2024ء ) ذرائع کے مطابق آئندہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے پاکستان کے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بابر اعظم 15 رکنی سکواڈ کی قیادت کریں گے جب کہ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ حسن علی، سلمان علی آغا اور عرفان خان ورلڈ کپ کے دوران بطور ریزرو ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ بابر اعظم، فخر زمان، محمد رضوان، عثمان خان، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، صائم ایوب، افتخار احمد، ابرار احمد، شاہین آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہوسکتا ہے جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا، حسن علی اور عرفان خان شامل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی 22 مئی کو انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کے بعد سکواڈ کا باضابطہ اعلان کرے گا کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ کے اعلان کے لیے 25 مئی کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔

پاکستان ورلڈ کپ کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکہ کے ساتھ ہے۔ قومی ٹیم اپنا پہلا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکہ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 9 جون (اتوار) کو نیویارک میں ہوگا۔ آئرلینڈ کیخلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد گرین شرٹس 22 سے 30 مئی تک چار ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں، جو میگا ایونٹ سے قبل ان کا آخری آؤٹ ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں کے لیے خاصی اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ اس کے اختتام کے صرف دو دن بعد ہی امریکہ میں ورلڈ کپ شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 17/05/2024 - 11:09:29