ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: آئی سی سی بھارتی ٹیم کو میگا ایونٹ جتوانے کیلئے ہر طرح سے سپورٹ فراہم کرنے لگی

بھارتی ٹیم کو وارم اَپ میچ کیلئے 9 جون کو پاک بھارت میچ کیلئے مختص نیویارک کا نساؤ کرکٹ سٹیڈیم الاٹ کر دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 مئی 2024 12:47

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: آئی سی سی بھارتی ٹیم کو میگا ایونٹ جتوانے کیلئے ہر طرح سے سپورٹ فراہم کرنے لگی
نیویارک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2024ء ) آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہر طرح سے بھارتی ٹیم کو 17 سال کے طویل عرصے بعد میگا ایونٹ جتوانے کیلئے سپورٹ فراہم کرنے لگی ہے۔ آئی سی سی نے بھارتی ٹیم کو وارم اَپ میچ کیلئے 9 جون کو پاک بھارت میچ کیلئے مختص نیویارک کا نساؤ کرکٹ سٹیڈیم الاٹ کر دیا جہاں بھارتی ٹیم بنگلا دیش کیخلاف پریکٹس میچ میں حصہ لے گی۔

بھارت کو وارم اَپ میچ کیلئے نساؤ کرکٹ سٹیڈیم الاٹ کرنے پر شائقین کرکٹ نے شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کو گرائونڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے وہاں وارم اپ میچ دیا گیا تاکہ وہ پچ کی جانچ پڑتال کرسکیں اور اسی حساب سے پاکستان کیخلاف میچ کے لیے حکمت عملی مرتب کرسکیں۔

(جاری ہے)

فینز کا کہنا تھا کہ آئی سی سی حکام کا جھکاؤ بھارتی بورڈ کی طرف نظر آرہا ہے اور کرکٹ کی عالمی باڈی کی پوری کوشش لگ رہی ہے کہ بھارت کسی طرح سے پاکستان کیخلاف 9 جون کو شیڈول میچ میں کامیابی حاصل کرلے۔

قبل ازیں آئی سی سی نے بھارتی شائقین کرکٹ کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے متنازع طور پر دوسرے سیمی فائنل کی سلاٹ الاٹ کرتے ہوئے ٹائمنگ تبدیل کردی تھی تاکہ انڈینز فین باآسانی اپنی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچ دیکھ سکیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف 4 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے بعد یکم جون کو امریکا پہنچے گی جہاں 6 جون کو پاکستان کا پہلا میچ میزبان امریکا کیخلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم 9 جون اپنا دوسرا اہم ترین میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 22/05/2024 - 12:47:26