مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان ٹیسٹ میچ میں واپسی کرسکتا ہے، صلاح الدین صلو

میچ میں کم بیک کے لیے پاکستان کے چار تجربہ کار بلے بازوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا یاسر شاہ نے سیریز میں اب تک بہترین باوٴلنگ کی ہے، بظاہر ایسا لگ رہا ہے سعید اجمل کے جانے سے پیدا ہونے والے خلاء کو یاسر پر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، سابق چیف سلیکٹر

ہفتہ 27 جون 2015 22:40

مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان ٹیسٹ میچ میں واپسی کرسکتا ہے، صلاح الدین صلو

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) سابق کرکٹر اور چیف سیلیکٹر صلاح الدین احمد صلو نے کہا ہے کہ مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں واپسی کرسکتا ہے۔، میچ میں کم بیک کے لیے پاکستان کے چار تجربہ کار بلے بازوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے ٹیسٹ میں اچھی سبقت حاصل کرلی ہے لیکن وہ پرامید ہیں کہ اگر کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، یونس خان اور اظہر علی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو پاکستان میچ میں واپسی کرسکتا ہے جس سے میزبان ٹیم پر دباوٴ بڑھ جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صلاح الدین صلو نے کہا کہ مذکورہ کھلاڑی باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں اور تیسرے اور چوتھے روز اچھی بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالنا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کے لوئر مڈل آرڈر نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی ہے جس کے باعث پاکستان کئی مرتبہ مشکل صورت حال سے باہر آیا۔انہوں نے کہا کہ اسد شفیق اور سرفراز احمد ماضی میں کئی مرتبہ اچھی شراکتیں قائم کرچکے ہیں جس کے باعث پاکستانی کی بیٹنگ میں گہرائی آگئی ہے اور ان پر انحصار کیا جاسکتا ہے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاسر نے سیریز میں اب تک بہترین باوٴلنگ کی ہے جبکہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ سعید اجمل کے جانے سے پیدا ہونے والے خلاء کو یاسر پر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو کہ کوئی چھوٹی کامیابی نہیں۔صلو کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان میزبان ٹیم کو 300 سے 350 تک کا ہدف دینے میں کامیاب رہتا ہے تو سری لنکن بلے بازوں کو اس پچ پر یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کا سامنا کرنے میں شدید مشکلات ہوں گی۔

وقت اشاعت : 27/06/2015 - 22:40:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :