پاکستان کا اینڈی پائیکرافٹ کیخلاف سخت موقف ، ایشین کرکٹ کونسل نے پی سی بی کے سامنے تجاویز رکھ دیں

پی سی بی اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 ستمبر 2025 10:15

پاکستان کا اینڈی پائیکرافٹ کیخلاف سخت موقف ، ایشین کرکٹ کونسل نے پی سی بی کے سامنے تجاویز رکھ دیں
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2025ء ) پاکستان کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ میچ کے ریفری کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو حل کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر پی سی بی اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے ۔

 
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو سلجھانے کے لیے درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کررہا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی کے سامنے کچھ تجاویز رکھی گئی ہیں۔ 
 بھارتی میڈیا کے مطابق پورے ٹورنامنٹ کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے پائیکرافٹ کو ہٹانے کی تجویز دی گئی ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے میچز میں پائیکرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو لگایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔

 
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف اقدامات کیے۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے شدید تنقید کی تھی۔
وقت اشاعت : 16/09/2025 - 10:15:15