صائم ایوب ایک مہینے میں 3 بار صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

صائم اپنی پچھلی 5 اننگز میں 3 مرتبہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوچکے، اس دوران ان کے سکور 0، 0، 17، 11 اور 0 رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 ستمبر 2025 11:06

صائم ایوب ایک مہینے میں 3 بار صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2025ء ) صائم ایوب مسلسل 5 میں سے تیسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جو کہ 1 مہینے میں 3 بار صفر پر آوٹ ہوئے۔ 
تفصیلات کے مطابق صائم ایوب نے اپنی پچھلی 5 اننگز میں 3 مرتبہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا ہے اور اس دوران ان کے سکور 0، 0، 17، 11 اور 0 رہے۔ 
41 اننگز کے بعد نوجوان کرکٹر کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اوسط صرف 20.92 ہے، اور وہ اب تک 18 مرتبہ سنگل ڈیجٹ سکور پر آؤٹ ہو چکے ہیں ۔

 
یاد رہے کہ دبئی میں بھارت کیخلاف میچ میں صائم ایوب اننگز کا آغاز کرنے کے لیے میدان میں اترے تو پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ دے بیٹھے اور آؤٹ ہوگئے۔ 
صائم ایوب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 7 ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے۔

(جاری ہے)

 
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد حفیظ اور کامران اکمل بھی تیسرے نمبر ہیں۔ 
اس فہرست میں سب سے آگے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل ہیں جو 84 میچز میں 10 مرتبہ بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 
ان کے بعد شاہد آفریدی کا نام آتا ہے جو 98 میچز میں 8 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

7 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والوں میں صائم ایوب (43 میچز)، کامران اکمل (58 میچز)، محمد حفیظ (119 میچز) اور بابر اعظم (128 میچز) شامل ہیں۔
صائم کے صفر پر آؤٹ ہونے سے پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز ہی بنا سکی۔ انڈیا نے پاکستان کے دیے گئے 128 رنز کے ہدف کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 15.5 میں 131 رنز بنائے۔

سوریا کمار یادوو 47 رنز جب کہ ابھیشیک شرما 31 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، صائم ایوب قومی ٹیم کے واحد بولر تھے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے اوپنر اور مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہے اور تاہم صاحبزادہ فرحان کے چالیس اور شاہین کے 33 رنز کیوجہ سے مجموعی سکور 127 تک پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کے پانچ اہم کھلاڑی ڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ فخر زمان 17، فہیم اشرف 11 اور صفیان مقیم 10 رنز بناسکے۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادوو نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر تین، جبکہ اکشر پٹیل اور بمراہ نے 2،2 اور ہاردک پانڈیا، ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
وقت اشاعت : 16/09/2025 - 11:06:24