پاکستان اور بھارت کے کپتان آج پھر ٹاس کے بعد بغیر ہاتھ ملائے روانہ

آج کا پاک بھارت ٹاکرا بھی دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہو رہا ہے، اس میچ میں بھی اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 ستمبر 2025 19:36

پاکستان اور بھارت کے کپتان آج پھر ٹاس کے بعد بغیر ہاتھ ملائے روانہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر 2025ء ) ایشیاء کپ سپر فور راؤنڈ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف میچ کا ٹاس جیت لیا جس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان کے خلاف اس ہائی وولٹیج میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پاکستان اور بھارت کے کپتان آج پھر ٹاس کے بعد بغیر ہاتھ ملائے روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے گروپ میچ میں ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایک بار پھر ایونٹ میں دو روایتی حریف آمنے سامنے ہیں، آج کا پاک بھارت ٹاکرا بھی دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہو رہا ہے، اس میچ میں بھی اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری ہیں، پاکستانی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہیم اشرف اور حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان آج کے اہم میچ میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، حسین طلعت، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد کے ساتھ میدا میں اترا ہے جب کہ بھارتی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی کو دوبارہ شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک دبئی میں کھیلے گئے چاروں میچز میں بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی، گزشتہ میچ میں بھارت کی فتح ہوئی تاہم 2021ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے ریکارڈ فتح بھی اسی گراؤنڈ میں حاصل کی تھی جب کہ 2022ء کے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن سپر فور میں پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، لہذا سابقہ ریکارڈ کی روشنی میں اس میدان میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرنے والی ٹیم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 21/09/2025 - 19:36:11