yبابر اعظم کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوشل میڈیا پر تبصرے جاری

اتوار 21 ستمبر 2025 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء)ایشیا کپ 2025 کے سُپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔تاہم اس میچ سے قبل گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان بابر اعظم کی دھوم مچی رہی۔ ان کی نیٹ پر پریکٹس کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔وائرل ویڈیوز میں بابر اعظم کو بھرپور انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد شائقین میں سابق کپتان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق قیاس آرائیاں بڑھنے لگیں۔

(جاری ہے)

شائقینِ کرکٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز، جو کہ 12 اکتوبر سے شروع ہونے والی ہے، میں ممکنہ طور پر بابر اعظم قومی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابھی تک سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم وائرل ویڈیوز کے تناظر میں سوشل میڈیا صارفین کو یقین ہے کہ بابر ممکنہ طور پر واپس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔دریں اثنا، بابر اعظم کی وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے بعض صارفین نے سابق پاکستانی کپتان کا موازنہ بھارتی کھلاڑی شبھمن گل سے کیا، جو یو اے ای کے خلاف میچ میں کلین بولڈ ہوگئے تھے۔
وقت اشاعت : 21/09/2025 - 18:20:46