چوتھا چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 25 ستمبرسے شروع ہوگا ، سہیل احمد عزمی

منگل 23 ستمبر 2025 17:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) پاکستان نیوی کے زیر اہتمام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے چوتھا چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 25 ستمبر سے 4 اکتوبر تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ نیول کمپلیکس لاہور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کمانڈر سینٹرل پنجاب، ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کہا کہ کھیل معاشرے میں نظم و ضبط، برداشت اور تحمل پیدا کرتے ہیں۔

پاکستان نیوی اپنے افسران اور جوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں بھرپور مواقع فراہم کرتی ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرسکیں۔ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ماضی میں بھی عالمی معیار کے کھلاڑی قوم کو دئیے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، موجودہ دور میں کرکٹر فخر زمان اس کی ایک نمایاں مثال ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کا ماضی تابناک رہا ہے، تاہم نچلی سطح پر ڈھانچے کی کمی کے باعث یہ کھیل روبہ زوال ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نیوی نے 2016 سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے ہاکی کے فروغ اور قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے یہ ٹورنامنٹ کراچی اور لاہور میں منعقد کیا۔ 2021 میں تیسرا آل پاکستان چیف آف دی نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کراچی میں کامیابی سے منعقد ہوا جسے اعلی سطح پر پذیرائی ملی۔

چوتھے ٹورنامنٹ میں ملک بھر کی 8 بہترین ٹیمیں جن میں ماڑی انجینئرز، پاکستان ایئر فورس، نیشنل بینک ، پاکستان نیوی، پاکستان آرمی، رینجرز، پولیس اور پورٹ قاسم شامل ہیں شریک ہوں گی۔ ٹورنامنٹ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے ساتھ ساتھ بہترین کھلاڑی، بہترین اسکورر اور بہترین گول کیپر کو بھی کیش انعامات دئیے جائیں گے۔

ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے میڈیا نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی اور اس ٹورنامنٹ کی بھرپور کوریج کریں تاکہ نوجوان نسل اس کھیل کی اہمیت اور افادیت سے روشناس ہو سکے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن، سپورٹس بورڈ پنجاب اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی انتظامیہ کے علاوہ تمام سپانسرز بالخصوص الائیڈ بینک، بحریہ یونیورسٹی، گورمے فوڈز، ہائی کیو ڈویلپرز، کونیا فوڈز، معیزسٹیل اور شیزان بیکرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 23/09/2025 - 17:39:29