شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریزمیں شامل نہ کیے جانے کا قوی امکان

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:48

شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریزمیں شامل  نہ کیے جانے کا قوی امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل نہ کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3ٹی ٹونٹی میچز 28اکتوبر، 31اکتوبر اور 1نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ راولپنڈی میں ہوگا جبکہ بقیہ دو میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔

قومی اسکواڈ کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ شاہین آفریدی و جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں صرف 5اوورز اور دوسری میں 9اوورز دیئے گئے ہیںجس دوران وہ صرف 4وکٹیں ہی گرا سکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر حارث رئوف کو بھی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آل رائونڈر شاداب خان کی شرکت بھی ممکن نہیں۔ کندھے کی سرجری کے بعد وہ انگلینڈ میں ٹریننگ کا آغاز کر چکے ہیں تاہم میچ فٹنس ابھی حاصل نہیں کر سکے۔وہ 22اکتوبر کو پاکستان واپس آئیں گے اور امکان ہے کہ اپنی فٹنس کا جائزہ لینے کے لیے قائداعظم ٹرافی کے کسی میچ میں شرکت کریں مگر چوٹ کے بعد فوری طور پر 4 روزہ میچ کھیلنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

شاداب کی قومی ٹیم میں واپسی نومبر میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز کے ذریعے متوقع ہے، جس میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ تاہم موجودہ صورتحال میں افغانستان کا دورہ پاکستان غیر یقینی نظر آ رہا ہے۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے عالمی سطح پر کارکردگی دکھانے کا ایک اہم موقع ہے، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی آزمایا جا سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 15/10/2025 - 21:48:59