پاکستان سپورٹس بورڈ کا نیشنل ٹیلنٹ آئیڈینٹیفیکیشن اینڈ ویریفیکیشن سسٹم کا آغاز

منگل 5 مئی 2026 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے نیشنل ٹیلنٹ آئیڈینٹیفیکیشن اینڈ ویریفیکیشن سسٹم (این ٹی آئی وی ایس )کا آغاز کر دیا ہے جو ایک ڈیجیٹل اور میرٹ پر مبنی نظام ہے جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک شفاف اور باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی سطح پر پیش کر سکیں۔

یہ اقدام پاکستان کے سپورٹس سسٹم میں موجود ایک دیرینہ خلا کو پر کرنے کی کوشش ہے جہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کو اکثر غیر رسمی ذرائع، ذاتی روابط یا محدود مواقع پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔این ٹی آئی وی ایس کے ذریعے پی ایس بی ایک ایسا منظم اور دستاویزی نظام متعارف کرا رہا ہے جو ہر کھلاڑی کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام 12 سے 25 سال کی عمر کے تمام پاکستانی شہریوں کے لئے کھلا ہی(سوائے کرکٹ کی)جبکہ درخواستیں پی ایس بی کی ویب سائٹ کے ذریعے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

اس عمل میں کسی بھی مرحلے پر کوئی فیس نہیں رکھی گئی اور درخواستیں پورا سال جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس نظام کے تحت درخواستوں کی ابتدائی جانچ ایک آزاد ماہرین کے پینل کے ذریعے کی جائے گی جس کے بعد شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کو متعلقہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو بھیجا جائے گا جہاں ان کی مزید تکنیکی جانچ اور ٹرائلز ہوں گے۔ حتمی سلیکشن کا اختیار متعلقہ فیڈریشن کے پاس ہوگا جبکہ پی ایس بی کا کردار شفافیت اور عمل کی نگرانی تک محدود ہوگا۔

فزیکل ایویلیوایشن کیمپس اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت اور سکردو سمیت مختلف شہروں میں منعقد کئے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھی یکساں مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ این ٹی آئی وی ایس کی ایک نمایاں خصوصیت شفافیت اور جوابدہی ہے جس کے تحت کارکردگی کی ویڈیوز، قابل تصدیق ریکارڈ اور ہر مرحلے پر تحریری فیڈبیک لازمی ہو گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک قومی ٹیلنٹ ڈیٹا بیس بھی تشکیل دیا جائے گا جو مستقبل کی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے اس اقدام کو ٹیلنٹ کی تلاش کو ایک شفاف، جامع اور میرٹ پر مبنی قومی نظام میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی باصلاحیت کھلاڑی صرف مواقع کی کمی کی وجہ سے نظر انداز نہ ہو۔
وقت اشاعت : 05/05/2026 - 20:15:52