ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ میں نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے ۔عاطف رانا

ہفتہ 18 جولائی 2026 20:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2026ء) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے پاکستان کے مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ 2026‘‘کے لیے اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر صلاحیتیں دکھانے کے مواقع مل سکیں۔

ہفتہ کو ٹیم کی گیانا روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے پاکستان کرکٹ کو نئے اسٹارز ملیں گے۔ گیانا کے نیشنل اسٹیڈیم میں 23 جولائی سے یکم اگست تک شیڈول ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی قیادت نیوزی لینڈ کے تجربہ کار آل راونڈر مائیکل بریسویل کریں گے۔عاطف رانا نے ہیڈ کوچ شان ٹیٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا تجربہ پاکستان کے پیس اٹیک کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے مائیکل بریسویل کی بطور کپتان تقرری کو اسٹریٹجک فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بریسویل کی قیادت نوجوان اسکواڈ کے لیے انتہائی سودمند رہے گی۔لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ کا آغاز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کرے گی، جس کے بعد اس کے میچز بالترتیب ڈیزرٹ وائپرز (24 جولائی)، گیانا ایمیزون واریئرز (26 جولائی) اور سان فرانسسکو یونیکورنز (29 جولائی) سے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔لاہور قلندرز کا اسکواڈ: مائیکل بریسویل (کپتان)، پرویز حسین ایمن، شایان جہانگیر، ڈیلانو پوٹگیٹر، عبداللہ شفیق، اسامہ میر، شامل حسین، محمد نعیم، عمران رندھاوا، مہران ممتاز، فرحان یوسف، شہاب خان، محمد باسط اور علی شبیر پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 18/07/2026 - 20:39:03