یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے دوبارہ کپتان نامزد، مشتاق احمد کو اسسٹنٹ کوچ کے عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت انتہائی مختصر ہے اس لئے ٹیم کے ہمراہ کسی اسسٹنٹ کوچ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں ٹیم میں کسی بھی قسم کی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے ،گڈگورنس ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا ،چیئرمین پی سی بی

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 15:04

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کو بھارت میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے دوبارہ قومی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے محمد یوسف نائب کپتان ہوں گے ۔ جبکہ مشتاق احمد کو اسسٹنٹ کوچ کے عہدے سے بھی برطرف کردیا گیا ہے ۔اس بات کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے ٹیم کی بھارت روانگی سے دو گھنٹے قبل کیا۔

نسیم اشرف نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ متحد و منظم کر نا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت انتہائی مختصر ہے اس لئے ٹیم کے ہمراہ کسی اسسٹنٹ کوچ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے اس لئے مشتاق احمد ٹیم کے ساتھ بھارت نہیں جارہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ ٹیم میں کسی بھی قسم کی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے اورگڈگورنس ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا انہوں نے بتایا کہ اگلے 45روز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کا ڈرافٹ صدر مملکت جنر ل پرویز مشرف کو بھجوا دیا جائے گا اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے دوبارہ منتخب ہونے والے کپتان یونس خان نے کہا کہ انہوں نے یہ عہدہ چیئرمین نسیم اشرف کے اصرار اور قوم کیلئے قبول کیا ہے نائب کپتان محمد یوسف نے اس موقع پر کہا کہ انہیں کپتان نہ بننے کا کوئی دکھ نہیں ہے ۔

بلکہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ یونس خان نے عقلمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے دوبارہ کپتانی کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ واضح رہے کہ یونس خان نے چند روز قبل یہ کہہ کر کپتانی کا عہدہ قبول کرنے سے اچانک انکار کردیا تھا کہ وہ ڈمی کپتان بننا نہیں چاہتے ان کی جگہ محمد یوسف کو کپتان اور عبدالرزاق کو نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے شہریارخان کے ہٹنے کے بعد نئے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے یونس خان کو دوبارہ کپتان بنانے کا اعلان کردیا۔

محمد یوسف کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد کو بھی ان کے عہدے سے ہٹادیا ہے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف کا یونس خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ پلیئر پاورز کے خلاف واضح پیغام سمجھا جاسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 07/10/2006 - 15:04:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :