پنجاب نے پاکستان ٹی ٹونٹی بلائینڈ سپر لیگ جیت لی، بدر منیر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:39

پنجاب نے پاکستان ٹی ٹونٹی بلائینڈ سپر لیگ جیت لی، بدر منیر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) پنجاب نے پاکستان ٹی ٹونٹی بلائینڈ سپر لیگ جیت لی، فاتح ٹیم نے 222 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بدر منیر نے 104 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو ارباب نیاز سٹیڈیم، پشاور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پشاور کی بلائینڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، محمداکرم 78 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، بدر منیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 104 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

(جاری ہے)

بی ون کیٹگری میں ریاست خان، بی ٹو میں بدر منیر اور بی تھری میں محمداکرم مین آف دی سیریز قرار پائے جبکہ نثار علی نے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ میجر جنرل شاہین مظہر محمود، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور پاکستان آرمی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان بلائینڈ کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے فرنٹیئر کور کی جانب سے مالی معاونت کے طور پر پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کو 3 اور پشاور کرکٹ کلب آف بلائینڈ کی دو لاکھ روپے گرانٹ بھی دی، انہوں نے ایونٹ مین شریک چاروں ٹیموں کو پچاس، پچاس ہزار روپے نقد انعام دیا۔ اس موقع پر ورلڈ بلائینڈ کرکٹ کونسل کے صدر اور پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے علاقے میں امن بحال کرنے پر پاکستان آرمی کو سلوٹ اور وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے آرمی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وقت اشاعت : 29/12/2016 - 21:39:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :