اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی، پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طور پر معطل کر دیا

دونوں کھلاڑیوں کی وطن واپسی، مصدقہ اطلاعات ملنے پر کارروائی کی، تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں کھلاڑی لیگ میں حصہ نہیں گے، ہر قیمت پر پی ایس ایل کو شفاف بنائیں گے، نجم سیٹھی، آج کی کارروائی کرپشن کے خلاف عزم کی مثال ہے، تمام کھلاڑی کرپشن کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، شہریار خان

جمعہ 10 فروری 2017 22:42

اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی، پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طور پر معطل کر دیا
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طور پر معطل کر دیا، معطلی کے باعث دونوں کھلاڑی لیگ سے باہر ہو گئے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک لیگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

دونوں کھلاڑیوں کو مشکوک افراد سے ملاقات کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق شرجیل خان اور خالد لطیف نے پی ایس ایل ٹو کے افتتاحی میچ کے بعد مشکوک افراد سے ملاقات کی تھی جس کا انہوں نے خود بھی اعتراف کیا، پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے عبوری طور پر معطل کر دیا اور ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، معطلی کے باعث دونوں کھلاڑی لیگ سے بھی باہر ہو گئے ہیں اور انہیں دبئی سے واپس وطن بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پہلے ہی بتایا تھا کہ مشکوک افراد سے دور رہیں اور کرپشن کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ اگر کوئی مشکوک فرد ان سے رابطہ کرے تو وہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسے رپورٹ کریں، جو عناصر پاکستان کے امیج کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمیں پہلے سے معلوم تھا کہ دبئی میں جواریوں کا نیٹ ورک متحرک ہے اور کوئی گڑ بڑ ہو گی، اینٹی کرپشن یونٹ کی مصدقہ اطلاعات پر دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی اور ان کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں، پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ آئی سی سی کے تعاون سے تحقیقات کر رہا ہے، کھلاڑیوں کو اپنی صفائی پیش کرنیکا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ پی سی بی کا نہیں بلکہ پاکستانی عوام کا ہے کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر قیمت پر پی ایس ایل کو شفاف بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صرف یہی دونوں کھلاڑی کرپشن میں ملوث ہوں گے، آگے بھی کسی شک یا ثبوت کی صورت میں ایسی ہی کارروائی کریں گے۔
وقت اشاعت : 10/02/2017 - 22:42:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :