”را“ کے بعد ”خاد“

پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت بڑی تعداد میں شدت پسندوں کا یا تو خاتمہ کر دیا ہے یا پھر انہیں ملک سے فرار پر مجبور کردیا ہے۔ یہ کارروائی ان گروپوں کے خلاف تھی جو پاکستان کے خلاف مسلح کاررائیوں میں ملوث تھے

Syed Badar Saeed سید بدر سعید جمعرات 21 اپریل 2016

RAW K Baad Khaad
پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت بڑی تعداد میں شدت پسندوں کا یا تو خاتمہ کر دیا ہے یا پھر انہیں ملک سے فرار پر مجبور کردیا ہے۔ یہ کارروائی ان گروپوں کے خلاف تھی جو پاکستان کے خلاف مسلح کاررائیوں میں ملوث تھے اورانہوں نے نجی ملیشیا بنا رکھی تھی۔ کالعدم طالبان گروہوں کے خلاف ہونیوالی ان کارروائیوں میں پاک فوج کو کامیابی ملی ہے۔

اس می بھی کوئی شک نہیں کہ وطن عزیز میں شدت پسندانہ کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اسی طرح اب ملک بھر میں تفریحی میلے، فیسٹیولز اور دیگر تقاریب بھی بلاخوف و خطر ہو رہی ہیں۔ یہ ” محفوظ پاکستان “ کی جانب پہلا قدم تھا۔ اب اس کے اگلے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں ریاستی اداروں سے لڑنے اور لاء اینڈ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خاتمے کے بعد دوسرا مرحلہ بھی انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

نظر آنیوالے دشمنوں کے خاتمے کے بعد اب نظر یہ آنے والے دشمنوں کا صفایا کیا جائے گا۔ دیگر الفاظ میں ا ب پاکستان میں پھیلے تخریبی جاسوسوں کا نیٹ ورک تباہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کام تو ابتدا میں ہی شروع ہو چکا تھا لیکن اب اس جانب خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دشمن ملک کے جاسوس پاکستانیوں پر مشتمل اپنا نیٹ ورک بنا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کر رہے تھے۔

طالبان سے لے کربلوچ علیحدگی پسندوں تک کی غیر ملکی خفیہ اداروں کے افسران سے ملاقاتیں ریکارڈ پر آچکی ہیں اس لیے پہلے مرحلے میں ان کا عسکری نیٹ ورک تباہ کیا گیا اور دوسرے مرحلے میں ایسے نیٹ ورک بنانے اور انہیں فنڈز فراہم کرنیوالے ماسٹر مائنڈزکے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے حاضر سروس آفیسر کی گرفتاری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

کل بھوش کے ساتھ ساتھ اس کا نیٹ ورک بھی توڑ دیا گیا ہے اور بیشتر لوگ گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ”را“ کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد اب افغانستان کی خفیہ ایجنسی ”خاد“ کا حاضر سروس افسر بھی پاکستان سے ہی گرفتار کر لیا گیاہے۔ یہ جاسوس چمن کے علاقے بوغرہ سے گرفتار کیا گیا جس کی نشاندہی پر ایک کمپاوٴنڈ سے 21 کلو بارودی موا، 4ایم ایم جی رائفلز، سینکڑوں گولیاں، بم بنانے کے آلات، مختلف فورسز کے کارڈز اور فورسز کے زیر استعمال وائرلیس سیٹ برآمد کئے گے۔

اس کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں ”را“ کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداروں نے بہت پہلے سے ہی ان خفیہ اداروں کے نیٹ ورکس کا تلاش کر لیا تھا جس کے بعد مزید کام جاری تھا ۔پالیسی ساز ایک آدھ ڈمی کی بجائے نیٹ ورکس چلانے والے اصل ماسٹر مائنڈز کو گرفتار کرنا چاہتے تھے۔ ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ ان دو ماسٹر مائنڈز کے علاوہ بھی کچھ نیٹ ورکس سکیورٹی اداروں کی نظر میں ہیں جن کے خلاف مناسب وقت اور مکمل تسلی کے بعد کارروائی کی جائے گی۔

اس لیے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں مزید اسی پروفائل کے جاسوس گرفتار ہو سکتے ہیں ۔ اسی طرح بھارت اور افغانستان کے علاوہ ایک اور ملک کے جاسوس نیٹ ورک کی جلد گرفتاری بھی متوقع ہے۔ پالیسی سازوں کی اس بھر پور مہم اور پاکستان کو شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ کے سہولت کاروں اور غیر ملکی جاسوسوں سے پاک کرنے کی اس مہم سے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کے لیے آنے والے غیر ملکی ایجنٹ بھی بوکھلا چکے ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ ان حالات میں”را“ اور ”خاد“ سمیت دیگر غیر ملکی خفیہ اداروں کے لیے اپنے نیٹ ورکس چلانا ممکن رہا۔ دوسری جانب پالیسی ساز اب اس مسلے پر ماضی کی طرح خاموشی کی بجائے اسے عالمی برادری میں لیجانے کا حتمی فیصلہ کرچکے ہیں۔ اس سلسلے میں اگلے چند ہفتے کافی اہم بتائے جا رہے ہیں جن میں اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

RAW K Baad Khaad is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 21 April 2016 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.