
نیا سال خوشی یا غم؟
بدھ 30 دسمبر 2020

ابو حمزہ محمد عمران مدنی
(جاری ہے)
جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ نئے سال کی خوشی مناتے ہوئےلوگ اللہ پاک کے احکامات کو فراموش کو کردیتے ہیں اور بالخصوص اسNEW YEAR NIGHTمیں کئی گناہ کے کام کیے جاتے ہیں ،جوکہ کسی ذی شعور پر مخفی نہیں لیکن فقط باضمیر لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے ہم ان میں سے چند امور کو ذکرکرتےہیں :
آتش بازی، ہوائی فائرنگ:
اللہ پاک فرماتا ہے:فضول خرچ نہ کرو!فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں اور شیطان اپنے ربّ کا بڑاا ناشکرا ہے ۔
اس عمل سے یقیناً کئی لوگوں کو ایذاء و تکلیف پہنچتی ہے حالانکہ رسول اللہ ﷺ تو فرماتے ہیں :جس نے کسی مسلمان کو ایذاء دی اس نے مجھے ایذاء دی اور جس نے مجھے ایذاء دی اس نے اللہ کو ایذاء دی اور جس نے اللہ کو ایذاء دی ۔
شراب نوشی:
آج یار لوگ اس خوشی کو شراب پی کرمناتے ہیں ،سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی خوشیوں کو دوبالا کررہے ہیں حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے شراب کو تمام برائیوں کی جڑ قرار دیا ہے ، حدیث کے مطابق اللہ تعالی شراب نوشی کرنے والے پر ایسا غضب فرمائے گاکہ شراب پینے والوں کو جہنمیوں کا پیپ پینے کے لیے دے گا۔
ناچ گانوں کے خصوصی فنکشنز کا اہتمام ،مردوں اور عورتوں کامخلوط اجتماع:
شرم وحیا اسلام کا اخلاق ہے ۔ مسلمانوں کا زیور ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی عظیم سنت ہے ۔اس شرم وحیا کو بالائے طاق رکھ کر ،اس عظیم سنت سے منہ موڑتے ہوئے ناچ گانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :گانا دل میں نفاق کو یوں اُگاتا ہے جیسا کہ پانی کھیتی کواُگاتا ہے۔حدیث پاک میں نعمت کے وقت باجے بجانے سے جو آواز پیدا ہوتی ہےاسے دنیا اور آخرت میں ملعون قرار دیا ہے۔اللہ پاک قرآن میں مسلمان مردوں اور عورتوں کو حکم دے رہا ہے کہ اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھو اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرو!خاص مسلمان عورتوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ اپنی پارسائی کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ سنگھار غیر مردوں کو نہ دکھائیں ، مگرہمارے بھائی بہنوں کا کیا حا ل ہے ،وہ محتاجِ بیان نہیں ۔
بغیرسلنسر کی موٹر سائیکل اور گاڑیاں لے کرنکلنا:
یار لوگ بغیرسلنسر کی موٹر سائیکل اور گاڑیاں لے کرنکلتے ہیں،آسمان سر پر اٹھاتے ہیں ،وہ طوفانِ بدتمیزی ہوتا ہے کہ الامان ! ہر ایک کا بالخصوص مریضوں ، بچوں ،بیماروں کاسکون برباد کیا جاتاہے،یہ شور وغُل کیا خوشی منانے کا انداز ہے ؟اللہ پاک توانسانوں کے بلا ضرورت چیخ چیخ کر بات کرنے کو بھی پسند نہیں فرماتا ،قرآن پاک میں ہے: اور اپنی آواز کو کچھ نیچی رکھ کہ سب آوازوں میں سے سے زیادہ بری آواز گدھے کے رینکنے کی ہے ۔ صدرالافاضل زیرِ آیت لکھتے ہیں: مدّعیٰ یہ ہے کہ شور مچانا اور آواز بلند کرنا مکروہ و ناپسندیدہ ہے اور اس میں کچھ فضیلت نہیں ہے ، گدھے کی آواز باوجود بلند ہونے کے مکروہ اور وحشت انگیز ہے ۔ نبی کریم ﷺ کو نرم آواز سے کلام کرنا پسند تھا اور سخت آواز سے بولنے کو ناپسند رکھتے تھے ۔تو کیا یہ آوازیں اللہ پاک کو ، رسول اللہ ﷺ کو پسند ہوں گی؟ ہرگز نہیں ۔اور ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ بغیرسلنسر کی موٹر سائیکل اور گاڑی چلانا یہ ملکی قانون کے اعتبار سے بھی جرم ہے تو ہر سمجھدار شخص کو اس کام سے بچنا چاہیے جواس کی دنیا اور آخرت کے لیے نقصان دہ ہو ۔
نئے سال کی آمد پر ہم مسلمان کیا کریں؟
نئے سال کی آمد پر ہم مسلمانوں کو دو کام خصوصا کر نے چاہئیں :(۱)گزشتہ سال کیسا گزرا ؟گہرائی کے ساتھ اس کا تجزیہ کرنا ۔ (۲) آنے والے سال میں ہمیں کیا کرناہے؟اس کی منصوبہ بندی کرنا ۔یعنی دینی ، دنیوی دونوں اعتبارات سے اپنا محاسبہ کرنا ، ماضی کے نیک اعمال پر اللہ پاک کا شکر کرنا ،مزید توفیق کی دعا کرنا ۔اور کوتاہیوں ، غلطیوں پر اللہ پاک سے معافی مانگنا،اور نیکی و بھلائی کی توفیق مانگنا۔
المختصر عبادات، معاملات، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے حوالے سے خوب غور و فکر کرنا کہ کہاں ہم سے غلطی ہوئی اور کہاں ہم درستگی کو پہنچے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ حتی الامکان اپنی غلطیوں ،کوتاہیوں کا تدارک کرنا ۔
الغرض اس نئے سال کی آمد پر ہمیں مکمل دیانت داری سے اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اوراچھے دینی اور دنیوی مستقبل کے لیے لائحہ عمل بنانا چاہیے۔اللہ پاک توفیق دے ! اور حقیقت یہی ہے کہ نیکی کرنے کی اور برائی سے بچنے کی قوت و طاقت نہیں مگر اللہ ہی کی طرف سے جو بڑی عظمتوں والا ہے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ابو حمزہ محمد عمران مدنی کے کالمز
-
ماہ رمضان میں کیا کریں
ہفتہ 10 اپریل 2021
-
رسول اللہ ﷺ کا اپنے گھر والوں سے تعلق
پیر 22 مارچ 2021
-
فحاشی و بے حیائی کا معنی و مفہوم
ہفتہ 20 مارچ 2021
-
آزادی مارچ اور صحابیات رضی اللہ تعالی عنہن کا پردہ و شرم وحیاء
بدھ 17 مارچ 2021
-
رسول اللہ ﷺ کے چار یاروں نے بوقتِ وصال کیا کہا ؟
جمعہ 12 مارچ 2021
-
حضرت امام جعفر صادِق
منگل 9 مارچ 2021
-
نبی پاکﷺ کی بعض پیشگوئیاں
بدھ 3 مارچ 2021
-
عطائی ڈاکٹر مسیحا یا قاتل؟
بدھ 24 فروری 2021
ابو حمزہ محمد عمران مدنی کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.