
گورنمنٹ کالج،نگر نگینوں کا
پیر 24 اگست 2020

علی اسجد طیفور
پطرس بخاری نے کہا تھا لاہور لاہور اے۔لاہور میں ایسا کیا ہے۔ لاہور علم و ادب کا استعارہ، روشنیوں کا شہر، اور آثار قدیمہ کی خوبصورت دلکش اور دل موہ لینے والی عمارتوں کا نگر ہے۔ شمالی لاہور میں ایسی بہت س عمارتیں ہیں جہاں مصور نے خون جگر سے مصوری کی اور لاہور کو عظیم الشان عمارتوں سے نوازا۔ بارود حویلی (یوسف صلاح الدین حویلی) جہاں رنجیت سنگھ کے دور میں اسلحہ رکھا جاتا تھا۔ جہانگیر کا مقبرہ، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد اور ایسی بہت سی عمارتیں ہیں جنہیں دیکھ کر حیرت گم ہوجاتی ہے۔ مگر ان سب میں ایک ایسی عمارت بھی موجود ہے جس کے نقش خوبرو، درخت فرتوت اور آغوش نرم گو ہے۔ اس عمارت کا نام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ہے۔ یہ ایک ایسی درسگاہ ہے جہاں جنگلی کبوتروں کی غٹرغوں، جھولتے درختوں کی سرگوشیاں، اور مکالموں کی ارتعاش مسحور کن ہے۔
یہاں اہل ادب نابغوں کی حکایتیں شعرا کے شعر اور ڈرامہ نگاروں کے کردار اس درسگاہ کو جمالیاتی ذوق عطا کرتے ہیں۔ آئیے ذرا گورنمنٹ کالج کی تاریخ کو ٹٹولتے ہیں۔ سب سے پہلے قلندرِ لاہوری، مرد درویش اور نباض امت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی بات کرتے ہیں۔ وہ اقبال جس نے اردو شاعری کی روایت کو بدلا۔جو گوئٹے،نطشے اور شیکسپئیر کے ڈرامائی تضاد کا مطالعہ کرنے کے بعد،حکمائے یونان کی علمی کاوشوں کا بنظر عمیق جائزہ لینے کے بعد اور ولیم مور اور آرنلڈ سے فیض یاب ہونے کے بعدغلامی کی شب دیجور میں مشعل راہ بنا۔جس نے فلسفئہ خودی کے چراغ کے نیچے تاریخی استعارات کو بروئے کار لاتے ہوۓ شاعری کی۔اس اقبال کے الفاظ کو مٹھاس گورنمنٹ کالج کے چشمے سے ملی۔اس کے بعد نذر محمد راشد جو ماضی کے دھندلکوں میں آزاد شاعری کا الم تھامے پر پیچ راستوں پر چلتا رہا اور خواب لے لو خواب کی صدائیں لگاتا رہا۔ یہ سلسلہ یہیں تک نہیں رکا بلکہ اس کے بعد سیالکوٹ کے جاٹ گھرانے سے تعلق رکھنے والے فیض احمد فیض نے اردو شاعری کی آبیاری کی۔ وہ فیض جو آمریتی عفریت کے راستے میں رکاوٹ بنا رہا وہ فیض جو پابجولاں مقتل کو دھج سے آباد کرنے کا نوحہ لکھتا رہا۔ جس نے انقلابی شاعری کو خونچکاں انگلیوں سے تحریر کیا۔ گورنمنٹ کالج نے فقط شاعر ہی نہیں بلکہ ہر شعبے میں عمدہ اور غیر روایتی لوگ تخلیق کیے طبعی دنیا میں عبدالسلام اور حیاتیاتی دنیا میں ہر گوبند جیسے سائنسدان پیدا کئے جنہوں نے سائنسی دنیا کو نئی جہتوں سے روشناس کروایا۔ یہاں کرشماتی شخصیات کے حامل اداکاراؤں نے اداکاری سیکھی اور موسیقی کی دھنوں سے شغف رکھنے والے یہاں موسیقار بنے۔ یہ ملک اشفاق احمد، مستنصر حسین تارڑ اور امتیاز علی تاج کے ڈراموں کا قرض دار ہے۔ اشفاق کی ذہانت تارڑ کے کردار اور امتیاز علی تاج کا تجسس اسی درسگاہ کی مرہون منت ہے۔ یہاں اعتزاز احسن جیسے شاہ قانون بھی طالب علم رہے جو عدلیہ بحالی تحریک کے روح رواں تھے۔ گورنمنٹ کالج کی مزاح کی کھیتی بھی بڑی زرخیز ہے یہاں آپ کو پطرس کا اصلاحی اور مشتاق احمد یوسفی کا طنزیہ مزاح ملے گا۔ معمولی واقعات کو طنز کی تسبیح میں پرونا یوسفی صاحب کا خاصہ تھا۔ اور عہدِ موجود میں گورنمنٹ کالج سے تعلیم حاصل کرنے والے دو تخلیق کار مرزا اطہر بیگ جو کہ غلام باغ اور صفر سے ایک تک جیسے شہرہ آفاق ناولوں کے مصنف ہیں جو آج بھی پوری آب و تاب سے اپنا تخلیقی کام انجام دے رہے ہیں اور دوسرے جناب وجاہت مسعود صاحب۔ وجاہت مسعود صاحب بہت ساری کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی صحافتی خدمات کے پیش نظر حکومت پاکستان انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نواز چکی ہے۔ جناب وجاہت مسعود صاحب کا کمال یہ ہے کہ وہ تاریخی واقعات پر دلیل کی گرہ لگا کر ایسے ربط کے ساتھ اسے اخباری تراشوں پر اتارتے ہیں کہ قاری ان کی تحریر کے سحر میں ڈوب جاتا ہے۔ ان کی تحریریں ادبی چاشنی سے بھرپور اور مذہبی منافرت سے گریزاں ہوتی ہیں۔ منو بھائی، انتظار حسین اور احمد ندیم قاسمی کے بعد اخبارات کے صفحات ادبی چاشنی اور صحافتی رمز سے محروم ہو گئے تھے مگر وجاہت مسعود صاحب نے احسن طریقے سے یہ خلا پر کیا اگرقارئین کو شبہ ہو کہ راقم ممدوح کے قصیدے اور مبالغہ آمیز باتیں کر رہا ہے تو محترم وجاہت مسعود صاحب کا موجودہ دور میں کوئی متبادل بتا دیں۔ اور خوش قسمتی سے جناب وجاہت مسعود صاحب نے بھی اسی راجباہ (گورنمنٹ کالج) سے علم کشید کیا ہے۔ گورنمنٹ کالج ایک درسگاہ نہیں بلکہ ایک درگاہ ہے جس کی تائید جناب اشفاق احمد صاحب بہت پہلے کر چکے ہیں۔
(جاری ہے)
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ABOUT US
Our Network
Who We Are
Site Links: Ramadan 2025 - Education - Urdu News - Breaking News - English News - PSL 2024 - Live Tv Channels - Urdu Horoscope - Horoscope in Urdu - Muslim Names in Urdu - Urdu Poetry - Love Poetry - Sad Poetry - Prize Bond - Mobile Prices in Pakistan - Train Timings - English to Urdu - Big Ticket - Translate English to Urdu - Ramadan Calendar - Prayer Times - DDF Raffle - SMS messages - Islamic Calendar - Events - Today Islamic Date - Travel - UAE Raffles - Flight Timings - Travel Guide - Prize Bond Schedule - Arabic News - Urdu Cooking Recipes - Directory - Pakistan Results - Past Papers - BISE - Schools in Pakistan - Academies & Tuition Centers - Car Prices - Bikes Prices
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.